Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر کے دلکش مناظر، دیکھنے والے دنگ

سعودی شہری اور مقیم غیرملکی سیاحت کے لیے یہاں آنا پسند کرتے ہیں- فوٹو العربیہ نیٹ
 سعودی عرب کے علاقے عسیر ریجن کے قدرتی مناظر کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ سعودی فوٹو گرافروں نے حب الوطنی کے اظہار کے لیے آپٹیکل لینس کے ذریعے تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر شیئرکی ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق فوٹو گرافروں نے انتہائی پرکشش مناظر کی تصاویر کچھ اس انداز سے کیمرے میں قید کی ہیں کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔ ہزاروں سعودی شہری اور مقیم غیرملکی السودۃ، رجال المع، تنومہ اور النماص جیسے مشہور سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے پہنچنے لگے۔
یہاں پاڑوں کی چوٹیاں اور ان کے قدرتی مناظر دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ جو بھی ایک بار وہاں جاتا ہے دوبارہ جانے کا پروگرام ضرور بناتا ہے۔ یہ مقامات عسیر ریجن کے خوبصورت دارالحکومت ابہا شہر کے پڑوس میں جنگلات کے درمیان واقع ہیں۔ یہاں موسم گرما میں معتدل آب و ہوا ہر کس و ناکس کو دعوت دیدار دیتی ہے۔

عسیر ریجن منفرد جغرافیائی مناظرسے مالا مال ہے- العربیہ نیٹ 

سعودی فوٹو گرافر عوض زارب کا کہنا ہے کہ عسیر ریجن منفرد جغرافیائی مناظرسے مالا مال ہے- اس کا یہی پہلو اسے سعودی عرب سمیت خلیج کے تمام ملکوں کے سیاحتی شہروں میں سرفہرست رکھے ہوئے ہے۔ چند سال قبل اسے عرب سیاحت کا دارالحکومت بھی تسلیم کیا گیا تھا۔
زارب نے مزید بتایا کہ اس نے پہاڑوں کے اوپر سبز کیاریوں والی تصاویر منفرد انداز سے لیں۔ یہ علاقہ عسیر اور اس کے باشندوں  میں بے حد محبوب ہے۔ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی سیاحت کے لیے یہاں آنا پسند کرتے ہیں۔

موسم سرما میں بھی یہ علاقہ سیاحوں کا مرکز بنا رہتا ہے- فوٹو العربیہ نیٹ

 سعودی فوٹو گرافر نے مزید کہا کہ عسیر ریجن بحیرہ احمر کے ساحل کے اطراف پھیلا ہوا ہے۔ یہاں خوبصورت جزیرے اور ساحل پائے جاتے ہیں- یہ موسم سرما میں بھی سیاحوں کا مرکز بنا رہتا ہے۔
ایک اور فوٹو گرافر عبداللہ الشجاع نے بتایا کہ 'یوں تو جمالیاتی ذوق کسی نہ کسی شکل میں سب لوگ رکھتے ہیں لیکن فوٹو گرافر کی نظر خوبصورت مناظر کو الگ زاویے سے دیکھتی ہے۔ یقین جانیں کہ پہاڑوں پر زرعی کیاریوں کی تصویر کشی آسان کام نہیں۔ ان کے حسن کو اجاگر کرنے کے لیے جمالیاتی حس بھی درکار ہوتی ہے اور اس کے لیے پیشہ ورانہ جدوجہد بھی کرنا پڑتی ہے۔'
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: