Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر: نیا دارالحکومت سنگاپور کے برابر

نئے دارالحکومت میں تقریباً 10 لاکھ افراد کام کیا کریں گے (فوٹو: المرصد)
مصر، قاہرہ سے 45 کلو میٹر کے فاصلے پر نیا دارالحکومت تیار کررہا ہے جس کا رقبہ سنگاپور کے برابر ہوگا۔
سوشل میڈیا پر نئے دارالحکومت کی تصاویر وائرل ہیں۔ مصری میڈیا کے مطابق نئے دارالحکومت میں  65 لاکھ افراد بسائے جائیں گے۔ اسے سرکاری اور نجی ادارے مل کرتعمیر کر رہے ہیں۔


پہلے مرحلے میں فلک بوس 18 ٹاورز تعمیر ہوں گے  (فوٹو: المرصد)

نئے دارالحکومت میں 20 لاکھ افراد کو روزگار کے نئے مواقع حاصل ہوں گے۔ نیا دارالحکومت محمد بن زاید الشمالی سیکٹر، کانفرنس سینٹر، ایگزیبیشن سٹی، سرکاری دفاتر کا علاقہ، شہریوں کا رہائشی علاقہ، میڈیکل سٹی، سپورٹس سٹی، سینٹرل پارک اور سمارٹ سٹی پر مشتمل ہوگا۔
نئے دارالحکومت کے سرکاری علاقے میں 18 وزارتوں کے دفاتر، پارلیمنٹ ہاؤس، ایوان صدارت، ایوان وزارت عظمی اور ’اوکتاغون ‘ کے نام سے وزارت دفاع کی نئی عمارت ہوگی جبکہ رہائشی علاقے میں 25 محلے بسائے جائیں گے۔ ان میں 11 لاکھ مکانات ہوں گے۔ ہوٹل کے 40 ہزار رومز ہوں گے جبکہ سڑکیں 10 ہزار کلو میٹر طویل ہوں گی۔


نئے دارالحکومت میں بزنس زون  بھی ہوگا (فوٹو المرصد)

نئے دارالحکومت کے سرکاری علاقے میں تمام وزارتوں اور پارلیمنٹ کی عمارتیں بنائی جائیں گی۔ بزنس زون بھی ہوگا جہاں بیشتر بینک قائم کیے جائیں گے۔ سینٹرل بزنس زون اینڈ ٹاورز بنائے جائیں گے جہاں افریقہ کا سب سے اونچا ٹاور بھی تعمیر ہوگا۔
بلند ترین ٹاور 94 منزلہ ہوگا۔ یہ 400 میٹر اونچا ہوگا۔ اس میں ہوٹل اور دفاتر کھولے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں فلک بوس  18 ٹاورز تعمیر ہوں گے۔

یہاں دنیا کا سب سے بڑا پارک بھی بنایا جائے گا (فوٹو: المرصد)

مصر نے حال ہی میں نئے دارالحکومت کے ایئرپورٹ کا افتتاح کیا ہے۔ مصر کے وزیر آبادکاری عاصم الجزار نے اعلان کیا ہے کہ نئے دارالحکومت میں تقریباً 10 لاکھ افراد کام کیا کریں گے۔
مصری وزیراعظم مصطفی مدبولی نے اعلان کیا تھا کہ نیا دارالحکومت، سنگاپور جتنے رقبے پر تعمیر ہوگا- یہ سرکاری دفاتر، سفارتخانوں اور رہائشی عمارتوں پر مشتمل ہوگا۔ نیا دارالحکومت قاہرہ، السویس اور العین السخنہ شہروں کے  درمیان بنایا جارہا ہے۔ یہاں دنیا کا سب سے بڑا پارک بھی قائم کیا جائے گا۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: