سعودی عرب میں سیاحت کے فروغ کے لیے دبئی میں مشترکہ نمائش
جمعرات 23 اکتوبر 2025 12:17
سعودی سیاحتی اتھارٹی کی ٹیم نے مملکت میں سیاحت کے فروغ کے لیے عمان، قطر، بحرین اور امارات میں اپنے دورے مکمل کر لیے۔
اس سلسلے میں دبئی میں مشترکہ سیاحتی نمائش کا اہتمام ’شتاء السعودیہ 2025‘ کے عنوان سے کیا گیا۔
نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالز پر سعودی عرب کے مختلف سیاحتی مقامات کے بارے میں تفصیلات سے وزیٹرز کو آگاہ کیا گیا۔
ڈائریکٹر پبلک ریلشن برائےالعلا عبداللہ بن موسیٰ کے مطابق امارات میں سعودی سیاحت اتھارٹی کی جانب سے سیاحتی نمائش کے انعقاد کا مقصد اہم مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھا۔
نمائش میں سعودی عرب کی 30 سے زائد سیاحتی کمپنیوں نے شرکت کی جن میں ٹورآپریٹرز، ایوی ایشن، ہوٹلنگ اور دیگر سیکٹرز میں خدمات فراہم کرنے والے شامل ہیں۔
وزٹ سعودی عرب کے پلیٹ فارم سے ہونے والے سیاحتی پروگراموں میں مملکت اور جی سی سی ممالک کے مابین سیاحت کے فروغ کے حوالے سے سیمینارز بھی منعقد کیے گئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی سیاحتی اتھارٹی نے موسم سرما پروگرام کو متعارف کرایا جسے ’ویلکم ونٹر‘ کا عنوان دیا گیا تھا۔
سیاحتی شعبے میں مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے ڈائریکٹر عبدالکریم الدرویش کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کا یہ دورہ خلیجی مارکیٹ کے لیے اہمیت کا حامل تھا جو علاقے کی اہم مارکیٹ ہے۔ سعودی عرب کے سیاحتی مقامات اور پروگرامز کے بارے میں اہم معلومات فراہم کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ فروغ سیاحت کے منصوبوں کو بہتر بنانے کے لیے سیاحتی اداروں کے اشتراک و تعاون سے مثبت مقابلے کے تحت مراعات دینے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔
سیمینارز اور تعارفی پروگرامز میں سعودی عرب کے مختلف سیاحتی مقامات کے بارے میں بھی اہم معلومات شیئر کی گئیں جبکہ ریاض، الدرعیہ، جدہ، العلا، ریڈ سی و دیگر علاقوں میں سیاحتی پروگرامز کے حوالے سے بھی آگاہی دی گئی۔