Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جہاز میں سماجی فاصلہ ایئرلائن کو بہت مہنگا پڑے گا، ایمریٹس

ایمریٹس اگست کے وسط سے 58 شہروں میں فلائٹ آپریشن شروع کرے گی۔ فوٹو اے ایف پی
ایمریٹس ایئرلائن نے کہا ہے کہ جہاز پر سماجی فاصلہ رکھنے کی پابندی کرنا غیر حقیقی ہے، ایسا کرنا ایئر لائن کو بہت مہنگا پڑے گا۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی فضائی کمپنی ایمریٹس نے کہا ہے کہ مسافروں کو ایک سیٹ چھوڑ کر بٹھانے سے اخراجات بہت زیادہ بڑھ جائیں گے جو ایئر لائن کے لیے برداشت کرنا ممکن نہیں ہے۔
ایمریٹس کے کورپوریٹ کمیونیکیشن کے سربراہ بطرس بطرس نے دبئی میں جاری کاروباری کانفرس سے خطاب میں کہا کہ جہاز میں سماجی فاصلہ رکھنے کی بحث اچھی ہے لیکن ایمریٹس معمول کے مطابق فلائٹ آپریشن بحال کرنا چاہے گا۔
انہوں نے کہا کہ جہاز کی معیشت کا انحصار اس کی سیٹیں بھرنے پر ہوتا ہے، مسافروں کے درمیان سیٹ چھوڑنا ممکن نہیں ہے، جب تک کہ مسافر خود خالی سیٹ کا کرایہ نہ ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت ہماری خواہشات کے برعکس ہوتی ہے۔
کورونا کے بعد سے ایمریٹس اپنے کل ملازمین کا دسواں حصہ نوکری سے برطرف کر چکا ہے، جو پندرہ فیصد یعنی 9 ہزار نوکریوں تک بڑھ سکتا ہے۔
کورونا سے پیدا ہونے والی معاشی صورتحال سے قبل ایمریٹس کے پاس 60 ہزار اہلکاروں کا عملہ تھا جس میں 4 ہزار 300 پائلٹ اور تقریباً  22 ہزار کیبن کریو شامل تھا۔
ایمریٹس کے صدر ٹم کلارک نے کہا کہ ایئرلائن کے آپریشن کچھ حد تک معمول پر آنے میں چار سال تک کا عرصہ لگے گا۔

 ایمریٹس نے مارچ سے اپنے آپریشن محدود کر دیے تھے۔ فوٹو اے ایف پی

دبئی ایئر پورٹس کے چییف ایگزیکٹو نے کانفرنس شرکا کو بتایا کہ کورونا کے بعد دبئی بین الاقوامی ایئر پورٹ پر فلائٹس کی یومیہ تعداد 11 ہزار پروازوں سے کم ہو کر 17 فلائٹس تک محدود ہو گئی تھی۔
ان پروازوں پر بھی سماجی فاصلے کی پابندی کرتے ہوئے مسافروں کو سیٹس چھوڑ کر بٹھایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عام دنوں میں 2 لاکھ 80 ہزار مسافروں کا دبئی ایئرپورٹ سے گزر ہوتا تھا، جبکہ مئی کے پورے مہینے میں صرف 44 ہزار مسافر آئے۔ عام دنوں میں صرف چار گھنٹوں میں 44 ہزار مسافر دبئی ایئر پورٹ آتے ہیں۔
270 بڑے جہازوں پر مشتمل فضائی کمپنی ایمریٹس نے کورونا کے باعث اپنے آپریشن مارچ میں بند کر دیے تھے۔ بندش کے دو ہفتے بعد ایمریٹس نے محدود پروازیں بحال کی تھیں۔ اگست کے وسط تک ایمریٹس کا 58 شہروں میں پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ ہے۔ وائرس سے قبل ایمریٹس کے 157 ممالک میں فلائٹ آپریشن جاری تھے۔

شیئر: