وزیر داخلہ محسن نقوی سے بحرینی ہم منصب کا رابطہ، اسلام آباد دھماکے کی مذمت
جمعرات 12 فروری 2026 9:52
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی پر اپنے بحرینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
اسلام آباد میں مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور بحرین کے وزیر داخلہ راشد بن عبداللہ الخلفیہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں سکیورٹی صورتحال اور واقعے کی مذمت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق بحرینی وزیر داخلہ نے اسلام آباد کی مسجد میں خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
بحرین کے وزیر داخلہ راشد بن عبداللہ الخلفیہ کا کہنا تھا کہ مسجد پر حملہ دراصل انسانیت پر حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحرین ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
بحرینی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بحرین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ہر سطح پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی پر اپنے بحرینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بحرین نے ہر آزمائش میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ اقوام عالم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر مربوط اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ اس خطرے کا مستقل اور فیصلہ کن سدباب کیا جا سکے۔