Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا کے بعد دنیا پہلے جیسی نہیں رہے گی‘

سعودی عرب اس سال جی 20 کی سربراہی کے فرائض انجام دے رہا ہے (فوٹو: ٹوئٹر جی 20 )
سعودی عرب جواس سال جی 20 کی سربراہی کے فرائض انجام دے رہا ہے نے اس امر کی یقین دہانی کرائی ہے کہ متفقہ طور پر ماحول کو بہتر بنانے کے لیے دو خصوصی اقدامات کیے جائیں گے جن میں پہلا اقدام صحرا کو کم کرتے ہوئے سرسبز مقامات میں اضافہ کرنا جبکہ ماحولیات کو بہتر بنانے کے لیے فضا میں سے کاربن سرکلر اکانومی کے تصور کو اپنانا ہے جس سے ماحولیات کے تحفظ کے لیے وسائل کی مستقل طور پر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
 سعودی وزیر خزانہ و معیشت اور منصوبہ بندی محمد بن عبداللہ الجدعان نے جی 20 کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے مملکت کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ’ اس میں کوئی شک نہیں کہ دنیا کورونا وائرس کے جن حالات سے گزر رہی ہے ایسے حالات تاریخ میں کبھی نہیں آئے اور یہ بھی یقینی امر ہے کہ کورونا وائرس کے بعد دنیا پہلے جیسی نہیں رہے گی‘۔

 سعودی وزیر خزانہ نے اجلاس میں مملکت کی نمائندگی کی (فوٹو: ٹوئٹر جی 20 )

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ’کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں معمولات زندگی پر کافی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انسانی صحت ، معاش، روزگار اور دیگر روزمرہ زندگی کے معمولات متاثر ہوئے ہیں تاہم اس کی وجہ سے اقتصادی، سماجی اور ماحولیات کو بہتر کرنے کے بھی بہترین مواقع میسر آئے ہیں‘۔
وزیر خزانہ نے وبا کے اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ایک سبق بھی ملتا ہے کہ ہمیں مل کر عالمی سطح پرمشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ مل کر ان چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے جن کی وجہ سے دنیا کو مختلف امور میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں موجودہ حالات میں پائیدار ترقی کے لیے اہداف متعین کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے جو کہ ہمارے 2030 کے وژن کے مطابق ہے جس میں معاشی ، معاشرتی اور ماحولیاتی منصوبوں پر عمل کرتے ہوئے ترقی کی مثالی منازل طے کرنا ہے۔

سعودی عرب نے صحت کے شعبے کے لیے بجٹ میں اضافہ کیا (فوٹو: ٹوئٹرجی 20)

وزیر خزانہ نے کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جب سے یہ وبائی مرض پھیلانا شروع ہوا مملکت سعودی عرب نے روز اول سے ہی اس کے تدارک کے لیے پوری طرح سے یکسو ہوکر انسانی صحت کو اولیت دیتے ہوئے بھرپور انداز میں کام کیا تاکہ مملکت کے شہری اور یہاں رہنے والے غیر ملکیوں کی صحت کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے اس مرض کو پھیلنے سے روکا جائے۔ شاہی احکامات کے تحت سعودی عرب نے امور صحت کے شعبے کے لیے اپنے بجٹ میں بھی اضافہ کیا۔
خطاب کے آخر میں وزیر خزانہ نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پائیدار ترقی کے لیے مملکت کی جانب سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

شیئر: