Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصیم کے جڑواں بھائیوں کے دن بدل گئے

ایک کمپنی نے زیرومیٹر گاڑی تحفے میں دی ہے۔(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کی ٹویٹ کے بعد بریدہ قصیم کے جڑواں بھائیوں کے دن بدل گئے۔ ایک کمپنی نے بھائیوں کو زیرو میٹر گاڑی تحفے میں دی ہے۔
ویب نیوز ’عاجل‘ نے بریدہ قصیم میں سڑک کے کنارے سٹال لگا کر مشروبات فروخت کرنے والے دو جڑواں بھائیوں ’عبداللہ المھوس اور ابراہیم المھوس‘ کےحوالے سے رپورٹ میں کہا کہ معروف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ’عبداللہ المطیری‘ کی ٹویٹ نے دونوں کے خواب پورے کر دیے۔
جڑواں بھائی گزشتہ 4 برس سے سڑک کے کنارے سافٹ ڈرنکس اور چائے کا سٹال لگایا کرتے تھے جو کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ 3 ماہ سے بند ہو گیا تھا۔
نوعمر عبداللہ المھوس نے اپنے سٹال کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا پر معروف  شخصیت سے رجوع کیا جس نے اس کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے لیے 30 ہزار ریال طلب کیے۔ عبداللہ کا کہنا تھا کہ ہفتے میں اس کی آمدنی مشکل 300 ریال ہوتی ہے تو 30 ہزار کہاں دے سکتا ہوں۔
عبداللہ اور ابراہیم نے سوشل میڈیا کی ایک اور معروف شخصیت ’عبداللہ المطیری‘ سے رابطہ کیا جس پر المطیری نے ان کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے دونوں بھائیوں کے سٹال کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر اپ لوڈ کر دی۔
ویڈیو اپ لوڈ کا ہونا تھا کہ اہل قصیم دونوں بھائیوں کے سٹال پر پہنچ گئے جس کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک جام ہوگیا بالاخر انتظامیہ کو مداخلت کرنا پڑی اور سٹال تک پہنچنے کے لیے لوگوں کی قطار بنوا دی۔
جڑواں بھائیوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان پر نوازشات ہونے لگیں۔ ایک کمپنی نے نئی گاڑی تحفے میں دی جبکہ ایک اور شخص نے ان کے  سٹال, کے لیے فوڈ ٹرک کے طرز کا شیڈ بنوانے کا وعدہ کیا ہے۔

ایک اور شخص نے فوڈ ٹرک کے طرز کا شیڈ بنوانے کا وعدہ کیا ہے۔(فوٹو العربیہ)

المطیری نے اطراف میں موجود مزید خوانچہ فروش خواتین کی ویڈیو بھی اپنی سنیپ چیب پر اپ لوڈ کی جیسے ہی ویڈیو اپ لوڈ ہوئی ایک کمپنی کی جانب سے خوانچہ فروش خاتون کےلیے خادمہ کا بندوبست کردیا گیا جس کے تمام اخراجات تاحیات کمپنی ہی برداشت کرے گی۔
جڑواں بھائیوں کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہی نہیں آرہا تھا کہ سوشل میڈیا کے معروف سٹار المطیری ہمارے سٹال پر آئیں گے اور ہماری ویڈیو بنا کر ہمارے خوابوں کو پورا کریں گے۔

شیئر: