Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’غلاف کعبہ پر قرآنی آیات تحریر کرنے کی خواہش ہے‘

 سعودی بچی نے کوفی رسم الخط میں ’ننھی خوش نویس‘ کا اعزاز حاصل کیا ہے۔( فوٹو العربیہ)
گیارہ سالہ سعودی بچی ریمان عسیری نے کوفی رسم الخط میں اچھوتے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ’ننھی خوش نویس‘ کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ریمان عسیری نے سکول میں عربی رسم الخط کے حوالے سے خداداد ہنر کا اظہار شروع کیا۔ ذاتی محنت سے عربی رسم الخط میں مہارت حاصل کی اور دیکھتے ہی دیکھتے کوفی رسم الخط کی ماہر بن گئی۔
ریمان عسیری نے بتایا کہ ’کوفی رسم الخط سکھانے والی ویڈیوز دیکھ کر بہت کچھ سیکھا۔ سعودی خوش نویس سراج العمری اور خلود نایف نے حوصلہ افزائی کی۔ ان سے کوفی رسم الخط کے قاعدے، ضابطے سیکھنے میں بڑی مدد ملی۔

ریمان عسیری کا کہنا ہے کہ بڑے بھائی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ (فوٹو العربیہ)

گیارہ سالہ ریمان نے بتایا کہ ’کوفی رسم الخط  مجھے پسند ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے یہ رسم الخط سیکھنے کا شوق پیدا ہوا۔ رفتہ رفتہ گھر میں مشق کرکے کافی کچھ سیکھ لیا۔ اب دیوانی رسم الخط سیکھ رہی ہوں‘۔
ریمان عسیری کا کہنا تھا کہ والدہ  نے رسم الخط کے ہر کورس میں مجھے داخلہ لینے میں مدد دی۔ بڑے بھائی نے بھی حوصلہ افزائی کی۔ وہ اب بھی میرا حوصلہ بڑھاتے رہتے ہیں۔  اب تک کئی میلوں میں شرکت کر چکی ہوں- ابہا مارکیٹنگ میلہ، لیالینا میلہ اور وادی الدواسر میں الیوم الوطنی میلہ  قابل ذکر ہیں۔

عربی رسم الخط  کے مقابلوں میں شرکت کرنا چاہتی ہوں (فوٹو: العربیہ)

’خواہش ہے کہ قرآن کریم کا رسم الخط سیکھ کر غلاف کعبہ پر قرآنی آیات تحریر کرنے میں حصہ لوں اورعربی رسم الخط کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر میرا نام ہو‘۔
ننھی خویش نویس نے مزید کہا کہ ’عربی رسم الخط  کے مقابلوں میں شرکت کرنا چاہتی ہوں لیکن ایسے کسی بھی مقابلے میں شرکت کے لیے کم ازکم پندرہ برس کی عمر ضروری ہے۔ ہر عمر کے لوگوں کو  مقابلے میں حصہ لینے کا موقع دیا جانا چاہیے‘۔

شیئر: