Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراقی وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب مؤخر

شاہ سلمان کے ہسپتال سے فارغ ہونے تک دورہ مؤخر کیا گیا ہے۔ فوٹو: واس
عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کا دورہ سعودی عرب مؤخر کر دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ ’عراق، سعودی عرب کے لیے انتہائی اہم ملک ہے، یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے ریاض کا انتخاب کیا ہے۔‘
انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ ’دونوں ملکوں کی قیادت نے باہمی اتفاق سے اس اہم دورے کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان سلمان بن عبد العزیز کے ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے عراقی وزیراعظم کے دورے کو شاہ سلمان بن عبد العزیز کے ہسپتال سے فارغ ہونے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’عراقی وزیراعظم نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے سعودی عرب کا انتخاب کیا ہے، یہ بات ہمارے لیے قابل قدر ہے، اس اہم ترین دورے کو مطلوبہ مقام دینے کے لیے ہماری قیادت نے عراقی بھائیوں کے مشورے سے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

شیئر: