Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپی رہنما 858 ارب ڈالر کے پیکج پر متفق

مالی امداد کے بدلے میں ممالک کو معاشی اصلاحات متعارف کرنا ہوں گی۔ فوٹو اے ایف پی
یورپی یونین کے رہنماؤں نے کورونا سے متاثرہ معیشتوں کی بحالی کے لیے  858 ارب ڈالر (750 ارب یورو) کے معاشی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اس پیکج کے ذریعے کورونا وائرس سے شدید متاثر ہونے والے یورپی ممالک کی مالی امداد کی جائے گی جن میں  اٹلی اور سپین بھی شامل ہیں۔
چار دن اور راتوں پر محیط مشکل اور طویل مذاکرات کے بعد ڈیل طے پائی گئی ہے جس کی جرمنی اور فرانس نے بھرپور حمایت کی۔
اس ڈیل کو فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکخواں کی خاص کامیابی سمجھا جا رہا ہے جنہوں نے 2017 میں صدارتی انتخابات جیتنے کے بعد یورپی یونین کو مستحکم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے حالیہ ڈیل کو یورپ کے لیے تاریخی قرار دیا ہے جس کے تحت 858 ارب ڈالر کا معاشی پیکج منظور ہوا ہے۔
390 ارب یورو گرانٹس کی مد میں متاثرہ یورپی ممالک کو دیے جائیں گے، جبکہ 360 ارب یورو کی امداد قرضے کی صورت میں کی جائے گی جو ان ممالک کو بعد میں ادا کرنا ہوگا۔
کورونا سے متاثر ہونے والی یورپی معیشتوں کو مالی امدداد کے بدلے میں چند شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔ ان رکن ممالک کو معاشی اصلاحات متعارف کرنا ہوں گے اور اپنے اخراجات کو یورپی پالیسیوں کے مطابق کرنا ہوگا۔ 

جرمنی اور فرانس نے ریسکیو فنڈ کی بھرپور حمایت کی۔ فوٹو: اے ایف پی

یورپی کمیشن، یورپی یونین کے مرکزی ادارہ ہونے کے ناطے فنڈز کی تقسیم کا ذمہ دار ہوگا۔ ریسکیو فنڈ کو یورپی یونین کے طویل مدت بجٹ کے ساتھ منظور کیا گیا ہے جس کے تحت 1.8 کھرب یورو 2027 تک خرچ کیے جائیں گے۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی معیشتوں کی بحالی کے لیے منظور شدہ فنڈ کے تکنیکی نقائط پر رکن ممالک کے درمیان مذاکرات ہونا باقی ہیں۔ جمعرات تک یورپی پارلیمان ریسکیو فنڈ سے متعلق معاہدے کی توثیق کر دے گا

شیئر: