وائرس کے باعث مسجد نبوی کو بند کرنے پر دستاویزی فلم تیار
جمعرات 23 جولائی 2020 10:14
’دستاویزی فلم کا دورانیہ دو منٹ 22 سیکنڈ ہے، پوری فلم جلد جاری ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
مسجد نبوی شریف انتظامیہ نے کورونا وائرس کے باعث مسجد نبوی شریف کو بند کرنے کے تاریخی واقعے پر ایک دستاویزی فلم ’لک الحمد‘ تیار کی ہے جس کا ٹائٹل جاری کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق دستاویزی فلم میں کورونا کے باعث مسجد نبوی شریف میں نمازیں معطل کرنے کے آغاز سے لے کر حفاظتی تدابیر کے ساتھ بحالی تک کے واقعات دکھائے گیے ہیں۔
گزشتہ رمضان المبارک مسجد نبوی شریف کی تاریخ کا پہلا رمضان ہے جس میں فرض نمازیں ادا کی گئیں نہ تراویح پڑھی گئی نہ افطار کے دستر خوان بچھائے گیے۔ اس اہم واقعہ کو فلم کا اہم حصہ بنایا گیا ہے۔
دستاویزی فلم سوشل میڈیا ذرائع پر جاری کی گئی ہے جس کا دورانیہ 2 منٹ 22 سیکنڈ ہے، فلم کے آخر میں لکھا ہوا آتا ہے کہ دستاویزی فلم جلد جاری ہوگی۔