Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پربیکری سیل

کورونا ایس او پیز پرعمل کرنا لازمی ہے (فوٹو، سبق نیوز)
بلدیہ کی تفتیشی ٹیم نے مکہ مکرمہ میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی اور صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے بیکری سیل کردی ۔
ویب نیوز ’سبق ‘ نے ریجنل ڈائریکٹر بلدیہ انجینئر عمر المالکی کے حوالے سے کہا ہے کہ بلدیہ کی تفتیشی ٹیم نے مکہ مکرمہ کے علاقے ’العزیزیہ ‘ میں ایک بیکری کا دورہ کیا جہاں کام کرنے والے کورونا وائرس سے بچاو کےلیے کسی قسم کی احتیاطی تدابیر پرعمل نہیں کررہے تھے ۔
بیکری میں ایس او پیز کی ہی خلاف ورزی ریکارڈ نہیں کی گئی بلکہ وہاں صفائی کا بھی انتہائی ناقص انتظام تھا۔ بیکری میں تیار کیے جانے والے آٹے کے مقام پر حشرات الارض بھی پائے گئے جبکہ آٹا گوندھنے والی مشینوں کو بھی صاف نہیں رکھا گیا تھا۔

بیکری میں صفائی کا خیال نہیں رکھا جاتا تھا (فوٹو، سبق نیوز)

ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ بلدیہ کے ادارہ امور صحت کی جانب سے تمام مارکیٹوں اور تجارتی اداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ کورونا وائرس سے بچاو کےلیے مقررہ ایس او پیز کا ہر طرح سے خیال رکھاجائے، کارکنوں کو کام کے دوران ماسک کا استعمال لازمی کرایا جائے علاوہ ازیں سماجی فاصلے کے اصول کو کسی بھی حالت میں نظرانداز نہ کیاجائے۔
بلدیہ کے ریجنل ڈائریکٹر المالکی نے مزید کہا کہ بلدیہ کی مختلف ٹیمیں اشیائے خورونوش کی دکانوں اور مارکیٹوں کا مسلسل دورہ کرتی ہیں تاکہ خلاف ورزی کا تدارک کیاجاسکے۔
 واضح رہے بلدیہ کے امور صحت کے شعبے کی جانب سے اشیائے خورونوش بنانے اور سپلائی کرنے والے تجارتی اداروں کو سختی سے ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ مقررہ قواعد کا ہرطرح سے خیال رکھیں اور کسی بھی حالت میں مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔

شیئر: