Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں عید الاضحی کی نماز کے لیے 516 مساجد مختص

انسپیکشن آفیسرز مساجد کا معائنہ کررہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی عرب میں مکہ مکرمہ میں ادارہ مساجد اور دعوت کے تحت عید الاضحی کی نماز کے لیے 516 مساجد کو مختص کیا گیا ہے جہاں کورونا وائرس سے محفوظ رہتے ہوئے عید نماز ادا کی جائے گی۔ 
ویب نیوز سبق کے مطابق وزارت اسلامی امور کے تحت کام کرنے والے ادارہ مساجد کے تحت مقرر کردہ انسپیکشن آفیسرز مساجد کا معائنہ کر رہے ہیں تاکہ اس امر کی یقین دہانی کی جائے کہ وہاں عید نماز کے اجتماعات کے لے مقررہ ایس او پیز پر عمل کیا جا رہا ہے۔ 
معائنہ آفیسرز میں خواتین اہلکار شامل ہیں جو مساجد میں خواتین کے حصہ کی نگرانی کرتی ہیں۔

جدہ کی 915  مساجد میں عید الاضحی کی نماز کا اہتمام کیا جائے گا- (فوٹو: روئٹرز)

مساجد کو وزارت اسلامی امور کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ صفوں کے درمیان سماجی فاصلے کے اصول کے تحت کارپٹ پر نشانات لگائے جائیں جس میں ایک نمازی سے دوسرے کے درمیان فاصلہ ہو۔علاوہ ازیں مساجد کو جراثیم کش ادویات سے صاف کرنا شامل ہے۔
اس سے قبل جدہ میں مساجد کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل شیخ ماجد شراحیلی نے بتایا تھا کہ شہر کی 915 چھوٹی بڑی مساجد میں عید الاضحی کی نماز کا اہتمام کیا جائے گا-
 شیخ ماجد شراحیلی کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر امسال جامع مساجد کے علاوہ عام مساجد میں بھی عید کی نماز پڑھی جائے  گی- یہ فیصلہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو نئے کورونا وائرس سے بچانے کی خاطر کیا گیا ہے۔

شیئر: