Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تمام مساجد میں عیدالاضحی کی نماز کا اہتمام

عید گاہوں میں نماز ادا نہیں کی جائے گی (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں عید الاضحی کی تیاریاں زور و شور سے شروع کر دی گئیں- امسال شہر کی 915 چھوٹی بڑی مساجد میں عید الاضحی کی نماز کا اہتمام کیا جائے گا-
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں مساجد کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل شیخ ماجد شراحیلی نے بتایا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر امسال جامع مساجد کے علاوہ عام مساجد میں بھی عید کی نماز پڑھی جائے  گی- یہ فیصلہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو نئے کورونا وائرس سے بچانے کی خاطر کیا گیا ہے-
شراحیلی نے بتایا کہ عید کی نماز پڑھانے اور خطبہ دینے کے لیے آئمہ اور خطیبوں کا انتخاب کر لیا گیا-
شراحیلی کا کہنا ہے کہ عید الاضحی کے اجتماعات میں سماجی فاصلے کی پابندی ہوگی- ہر نمازی کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ حفاظتی ماسک پہنے ہوئے ہو- اپنے ساتھ جائے نماز لائیں- مساجد میں نہ تو پانی لانے کی اجازت ہوگی اور نہ ہی تلاوت کے لیے قرآن پاک لائے جاسکیں گے- کورونا بحران کے زمانے میں مساجد سے قرآن پاک کے نسخے احتیاطی تدبیر کے طور پر ہٹا دیے گئے ہیں-
شراحیلی نے توجہ دلائی کہ امسال عید الاضحی کی نماز عید گاہوں میں نہیں ہوگی- یہ پابندی کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لگائی گئی ہے-
وزارت اسلامی امور نے ان تمام مساجد کی فہرست جاری کر دی ہے جہاں جہاں عید الاضحی کی نماز پڑھائی جائے گی-

شیئر: