Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراقی کردوں کا اظہار محبت، 'تمہاری آنکھوں میں دنیا ہے'

یہ پیغامات کرد اور عربی زبان میں لکھے گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
’نیرو نے روم کو آگ لگا دی تھی اور نرمین نے میرے دل کو‘
اس قسم کے الفاظ کے ذریعے عراقی کرد اربل شہر کی دیواروں پر اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جلدی میں لکھے گئے یہ اعترافی پیغامات لال اور نیلے رنگوں میں کرد اور عربی زبان میں لکھے گئے ہیں۔
محبت کے ان اعترافی جملوں نے ان چھوٹی گلیوں اور چھوڑے ہوئے گھروں کو دلچسپ بنا دیا ہے۔
دیواروں پر محبت کے کچھ اعترافی جملوں کے ساتھ تاریخ اورپورے  ناموں کے بجائے ان کے  ابتدائی حروف لکھے گئے ہیں۔
ایک تاریک کونے میں اس قسم کے الفاظ لکھے گئے ہیں۔ ایم + ایم =  زندگی۔
ایک اور جملہ تحریر تھا کہ ’الا زیاد، مجھے امید ہے تم برسوں تک میری محبت رہو گے۔‘
یہ پیغام ایک پل کے نیچے لکھا ہوا تھا، جس میں نام کا بھی ذکر تھا۔ یہ پیغام مذہبی روایات اور جدید رومان کے درمیان گھرے معاشرے میں محبت کے اظہار کا ایک جرات مندانہ اقدام تھا۔

اربل شمالی عراق کے خودمختار علاقے کردستان کا دارالحکومت ہے۔ اس کو وفاقی جنوبی علاقے کی بنسبت آزاد خیال تصور کیا جاتا ہے۔
لیکن پھر بھی یہاں پر بہت سے ایسے مسائل یا باتیں ہیں جن کے بارے میں بات نہیں کی جاتی جیسے عوامی مقامات پر پسندیدگی یا محبت کا اظہار نہیں کیا جا سکتا، خواتین کو کام کی جگہوں پر امتیازی سلوک اور جنسی ہراسانی کا سامنا ہے جبکہ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کا کہنا ہے کہ خواتین کے اعضا کٹوانے اور جبری شادیوں کو ختم کرنے کے لیے ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔
تاہم محبت اور دیواروں پر اس کے اظہار کے لیے سب جائز ہے اور اربل اس سے مستثنیٰ نہیں۔
ایک اور پیغام میں آزاد ریاست کے لیے جدوجہد اور شام سے کردوں کے جبری طور پر نکلنے کا بھی ذکر تھا۔

’تمہاری آنکھوں میں تمام دنیا کو دیکھتے ہیں، کیا تمہارا تعلق دمشق سے ہے؟‘
ایک اور پیغام میں شمالی شام کے کرد اکثریتی علاقے کوبانی کو سلام پیش کیا گیا۔ کوبانی نے 2015 میں داعش کے شدت پسندوں کے خلاف مزاحمت کی تھی۔
اربل کے رہنے والوں کا یہ اپنا انداز ہے، یہ ان کے لیے محبت کے خطوط ہیں۔

شیئر: