Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہم جوئی کا 'جنون' رکھنے والی لڑکی

آثار قدیمہ اور منقش چٹانوں کی تلاش میں گھومنا پسند ہے۔ (فوٹو العربیہ)
سعودی لڑکی رونا کو وادیوں، کوہستانوں، صحراؤں، سمندروں اور جنگلات میں گھومنے پھرنے اور مہم جوئی کا شوق جنون کی حد تک ہے۔ پہاڑوں کی چوٹیاں سر کرنا، وسیع و عریض صحرا میں ریت کے تودوں پر چڑھنا، سروات کے پہاڑوں کے جنگلات میں گھومنا ان کا دلچسپ مشغلہ ہے۔
وہ آثار قدیمہ اور منقش چٹانوں کی تلاش میں کبھی یہاں اور کبھی وہاں گھومتی رہتی ہیں۔ ہوٹلوں کی رہائش پسند نہیں۔قدرتی مناظرسے لطف اٹھاتی ہے اور کھلے میدان میں خیمہ نصب کرکے رہنا انہیں زیادہ پسند ہے۔

ابہا، باحہ اور طائف جیسے پہاڑی علاقے توجہ کا مرکز ہیں۔(فوٹو العربیہ)

العربیہ نیٹ سے گفتگو میں رونا نے کہا کہ ’اپنے اس شوق کی وجہ سے اپنی تعلیم تبدیل کی۔ شروعات عربی زبان اور ادب کی تعلیم سے کی تھی پھر لینگویجز اور ٹرانسلیشن کا مضمون اختیار کیا۔ بی اے کے آخری سال میں پہنچ کر آثار قدیمہ کا مطالعہ میرا دلچسپ مضمون بن گیا۔ اس مضمون کا انتخاب سعودی ورثے اور منقش چٹانوں کے گہرے مطالعے کے لیے کیا ہے۔‘
رونا کا کہنا ہے کہ’مہم جوئی اور خیموں کی تنصیب سے اپنے سفر کی شروعات کی۔ پہلا تجربہ ریاض سے کیا پھر تبوک، املج، ینبع اور ساحلی علاقوں کی سیر کے لیے گئی۔ اب میری دلچسپی کا محور کوہ پیمائی اور منعقش چٹانوں کی تلاش ہے۔ ان دنوں ابہا، باحہ اور طائف جیسے پہاڑی علاقے میری توجہ کا مرکز ہیں۔‘

 کھلے میدان میں خیمہ نصب کرکے رہنا زیادہ پسند ہے۔(فوٹو العربیہ)

انہوں نے بتایا کہ ’ مہم جوئی اور کوہ پیمائی کی شروعات تنہا کی تھی تاہم رفتہ رفتہ ان مشغلوں میں دلچسپی رکھنے والے میرے کئی دوست بن گئے۔ اب ہم صحراؤں اور ساحلی و پہاڑی علاقوں کے سفر مل کر کرنے لگے ہیں۔‘
رونا کا کہنا ہے کہ ’مجھے شہر اور اس کے ہنگامے اچھے نہیں لگتے۔  مکمل فطری ماحول پسند ہے۔ مجھے ہوٹلوں سے دور خیموں کی رہائش پسند ہے۔ ایسا کرکے مجھے دلی سکون محسوس ہوتا ہے۔‘

شیئر: