Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

9 اگست: 'درخت لگانے کا نیا ریکارڈ بنایا جائے گا'

وزیراعظم کے مطابق ملک میں دس لاکھ رجسٹرڈ ٹائیگرفورس کے رضاکار ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نو اگست کو ٹائیگر ڈے منایا جائے گا اور ملکی تاریخ میں پودے لگانے کا ریکارڈ قائم کیا جائے گا۔
منگل کو ایک خصوصی پیغام میں عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں شرکت کریں۔
’میں خود شریک ہوں گا، ہمارے پاس دس لاکھ رجسٹرڈ ٹائیگرز ہیں۔‘
انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کرائی وہ بھی کروائیں۔
انہوں نے بتایا کہ نئی رجسٹریشن کرنے والوں کو بتایا جائے گا وہ کس سے رابطہ کریں اور کہاں سے ان کو پودے ملیں گے۔
عمران خان نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دو ہزار تئیس تک ہم دس ارب پودے لگائیں گے۔
وزیر اعظم کے بقول اس وقت پاکستان کو درختوں کی ضرورت ہے کیونکہ آلودگی بڑھ رہی ہے، جس سے صحت کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ جبکہ دوسری بات گلوبل وارمنگ کی ہے۔’اس لیے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں‘
عمران خان نے ٹائیگرز فورس کے رضاکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’وہ نو اگست کو ضرور نکلیں اور اس پروگرام کی قیادت کریں۔’
وزیراعظم کے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ٹائیگر فورس ڈے کے حوالے سے ایک بار پھر بحث چھڑ گئی۔
تحریک انصاف کے حامی صارفین پاکستان کو سرسبز بنانے کے اس حکومتی منصوبے کو سراہتے نظر آئے جبکہ پی ٹی آئی کے ناقدین ٹائیگر فورس پر طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔

جنید کاظمی نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'ماحول کو بچانے کے لیے درخت لگانا ایک بہت اچھا اقدام ہے۔'

ایک اور صارف حافظ اسامہ ہدایت نے لکھا کہ 'ہم اپنے ملک کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کے لیے تیار ہیں۔'

امداد علی سومرو نامی ٹوئٹر صارف نے ٹائیگر فورس پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ 'جو ٹائیگر فورس سرزمین پر موجود ہی نہیں اب وہ دس بلین ٹری سونامی میں شجرکاری مہم چلائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کون سی خیالی دنیا میں رہتے ہیں؟'

سٹے ہوم ٹو فائٹ کورونا وائرس کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ 'وزیراعظم کو گمراہ کرنا چھوڑ دیں، کیا آپ وزیراعظم کو یہ جاننے دیں کہ ٹائیگر فورس عثمان ڈار کے ساتھ فوٹو سیشن کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی، مجھے لگتا تھا کہ عثمان ڈار نوجوانوں کے لیے کچھ کریں گے لیکن وہ صرف فوٹو سیشن میں مصروف ہیں۔'

شیئر: