انڈیا: رفال طیارے ’چینی خطرے‘ کا مقابلہ کرنے کے لیے خریدے؟
انڈیا: رفال طیارے ’چینی خطرے‘ کا مقابلہ کرنے کے لیے خریدے؟
بدھ 29 جولائی 2020 17:32
انڈیا نے 36 رفال طیاروں کے لیے فرانس کے ساتھ 9.4 ارب ڈالر کی ڈیل کی ہے (فوٹو: آئی اے ایف)
انڈیا میں پانچ رفال طیاروں کی آمد پر انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے چین کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ یہ طیارے انڈین ایئر فورس کو کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وزیر دفاع نے کہا کہ ’ان طیاروں کی انڈین ایئر فورس میں شمولیت سے وہ لوگ پریشان ہیں جو ہمارے ملک کی خود مختاری کے لیے خطرہ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔‘
ماہرین کے مطابق راج ناتھ کا اشارہ اپنے ہمسایہ ملک چین کی طرف ہے جس کے ساتھ لداخ کی وادی گلوان میں جھڑپ کے دوران انڈیا کے 20 فوجی مارے گئے تھے۔ تاہم چین نے اپنے فوجیوں کی ہلاکت کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا تھا۔
واضح رہے کہ انڈیا نے فرانس کے ساتھ 9.4 ارب ڈالر کی ڈیل کی ہے جس کے تحت انڈیا فرانس سے 36 رفال لڑاکا طیارے خریدے گا اور باقی 31 طیارے 2021 کے آخر تک انڈیا کے حوالے کیے جائیں گے۔
اے ایف پی کے مطابق انڈیا اس بات کو مانتا ہے کہ وہ چین اور دیگر ممالک سے جنگی سازو سامان کے لحاظ سے پیچھے ہے اور رفال طیاروں کی خریداری فوج کو مضبوط بنانے کے لیے کی گئی ہے۔
’گیٹ وے ہاؤس‘ تھنک ٹینک میں انٹرنیشنل سکیورٹی سڈیز کے ماہر سمیر پٹیل نے کہا ہے کہ ’صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ان طیاروں کی اشد ضرورت تھی۔‘
’اس سے انڈیا کو چین کی طرف سے درپیش خطرے کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی، کیونکہ یہ واضح ہے کہ لداخ میں جاری کشیدگی موسم سرما تک طول پکڑے گی۔‘
روایتی طور پر انڈیا دفاعی ساز و سامان روس سے خریدتا رہا ہے لیکن فرانس سے ان طیاروں کی خریداری سے اس میں شفٹ آئی ہے۔
انڈیا میں کانگریس پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ اس ڈیل میں کرپشن ہوئی ہے تاہم انڈین حکومت نے اس کی سختی سے تردید کی ہے اور عدالت نے بھی کہا ہے کہ تحقیقات کے لیے کوئی ثبوت نہیں ہے۔
فرانسیسی کمپنی ’ڈساولت‘ انڈیا کو زیادہ سے زیادہ طیارے فروخت کرنا چاہتی ہے اور انڈیا نے کہا ہے کہ اسے ایئر فورس اور نیوی کے لیے مزید 150 جنگی طیاروں کی ضرورت ہے۔