Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: پاکستانی ہندو خاندان کے 11 افراد ہلاک

مقامی پولیس افسر کا مطابق بظاہر 11 افراد نے زہریلی چیز کھا کر خودکشی کی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان سے انڈیا ہجرت کرنے والے ہندو خاندان کے 11 افراد ایک فارم پر مردہ پائے گئے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اتوار کو ریاست راجھستان میں ضلع جودھپور کی پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا۔
ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ راہول برہت نے بتایا کہ مرنے والے خاندان کا ایک فرد ڈیچو کے علاقے میں لودتا گاؤں میں اس ہٹ کے باہر زندہ ملا ہے جہاں یہ لوگ رہائش پذیر تھے۔
پولیس افسر کے مطابق زندہ بچ جانے والے شخص نے بتایا کہ خاندان کے افراد کی موت رات کے وقت ہوئی اور اس کو وجہ کے بارے میں علم نہیں۔
ادھر پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن انڈین وزارت خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ اس واقعہ سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔

 

سپرنٹنڈنٹ راہول برہت نے میڈیا کو بتایا کہ 'ہم ابھی تک موت کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اس خاندان کے افراد نے رات کو کوئی کیمیکل پی کر خوکشی کی ہے۔'
پولیس افسر کے مطابق مرنے والے افراد کے ہٹ کے آس پاس کیمیکل کی بو پھیلی ہوئی تھی جس سے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مرنے والے خاندان نے پاکستان سے ہجرت کی تھی اور یہ بھیل کمیونٹی کے لوگ تھے جو اس گاؤں میں زمین پٹے پر لے کر اناج اگاتے تھے۔
پولیس افسر کے مطابق کسی بھی مرنے والے شخص کے جسم پر کسی قسم کے زخم کا کوئی نشان نہیں ہے تاہم کسی بھی حتمی نتیجے پر پہنچنے سے قبل پولیس نے فرانزک ٹیموں اور سونگھنے والے کتوں سے بھی مدد لینے کا فیصلہ کیا۔
راہول برہت نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ معلوم ہوتا ہے کہ خاندان کے افراد کا آپس میں کسی بات پر تنازع ہوا۔ 'بچ جانے والے فرد سے تفتیش کے بعد ہی اس پوزیشن میں ہوں گے کہ 11 افراد کی موت کی وجہ جان سکیں۔'

شیئر: