Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انٹرنیشنل پروازوں کے لیے تاریخ متعین نہیں‘

آئندہ اطلاعات  تک تمام بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب  کی جنرل اتھارٹی سول ایوی ایشن (جی اے سی اے )نے اکتوبر سے بین الاقوامی فلائٹس کی بحالی کی خبروں کو من گھڑت قرار دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  جی اے سی اے کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔ ایسا کو ئی سرکلر جاری نہیں کیا گیا۔

سعودی عرب نے  15 مارچ  2020 سے بین الاقوامی پروازیں معطل کردی تھیں۔(فوٹو عرب نیوز)

گذشتہ ہفتوں سے سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کی تشہیر کی جا رہی ہے کہ  سعودی عرب سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی اکتوبر سے ہو گی۔
جی اے سی اے کے عہدیدار کا حوالہ دیتے  ہوئے کہا گیا ہے کہ پروازوں کی بحالی کا  فیصلہ کورونا وائرس کیسز کی تعداد سے مشروط ہے جو ’تین ہندسوں پر آنا چاہئے‘، یعنی کیسز کی تعداد یومیہ چند سو تک محدود ہونے تک مشروط ہے۔

غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے لئے پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

جنرل اتھارٹی سول ایوی ایشن نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے جعلی سرکلر کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے سے پہلے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
جی اے سی اے کے ترجمان ابراہیم بن عبد اللہ الرووسہ نے عرب نیوز کو بتایا کہ سرکلر ’مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔‘

پروازوں کی بحالی کا  فیصلہ کورونا  وائرس کیسز کی تعداد سے مشروط ہے (فوٹو عرب نیوز)

واضح رہے کہ کورونا وائرس  کے  پھیلاو کی روک تھام کی غرض سے سعودی عرب نے 15 مارچ  2020 سے بین الاقوامی پروازیں معطل کردی تھیں۔
جس کے بعد 31 مئی سے اندرون ملک پروازویں مکمل ایس او پیز کے ساتھ  دوبارہ بحال کی گئی ہیں جب کہ  بین الاقوامی پروازوں کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
انہوں نے جنرل اتھارٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے ایک ٹویٹ شیئر کیا جس میں  سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے سرکلر کو غلط بتایا گیا ہے۔

اندرون ملک پروازویں ایس او پیز کے ساتھ  31 مئی سے بحال کی گئی ہیں (فوٹو ٹوئٹر)

انہوں نے مزید کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پہلے بھی کہا تھا کہ بین الاقوامی پروازوں کے دوبارہ شروع ہونے کی کوئی خاص تاریخ نہیں دی گئی۔
آئندہ اطلاعات  تک تمام بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی تاہم  انسانی امداد، ہنگامی صورت حال ، طبی انخلا کی پروازوں اور گھر واپس جانے کے خواہشمند یا کسی وجہ سے رکے ہوئے شہریوں اور غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے لئے پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔
 

شیئر: