Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانچ عرب ملکوں نے بین الاقوامی پروازیں بحال کر دیں

امارات ایئر نے یکم جولائی سے پروازیں شروع کر دی ہیں (فوٹو: خلیج ٹائمز)
پانچ عرب ملکوں نے یکم جولائی سے سفری پابندیاں اٹھا لیں اور پروازیں بحال کردیں البتہ فضائی کمپنیوں کو مسافروں کی صحت و سلامتی یقینی بنانے کے لیے سخت حفاظتی تدابیر کا پابند بنایا گیا ہے۔

لبنان کا رفیق الحریری ایئرپورٹ مسافروں کے لیے کھول دیا گیا ہے (فوٹو: خلیج ٹائمز)

سبق ویب سائٹ کے مطابق اب تک 5 عرب ممالک نے  سفری پابندیاں اٹھا کر پروازیں بحال کی ہیں ان میں سے ایک مصر ہے جس کی فضائی کمپنیوں نے 3 ماہ سے زیادہ عرصے تک پروازوں پر بندش کے بعد یکم جولائی سے بین الاقوامی پروازیں شروع کی ہیں- مصر نے کورونا کی وبا کے پیش نظر 19 مارچ کو پروازیں معطل کردی تھیں-
ایجپٹ ایئر نے 29 سے زیادہ شہروں کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے- ایجپٹ ایئر کا کہنا ہے کہ تدریجی طور پر دیگر شہروں کے لیے بھی پروازیں شروع کردی جائیں گی- جولائی کے پہلے  ہفتے میں یورپی ممالک کے 13 ہوائی اڈوں، افریقہ کے چار، مشرق وسطیٰ کے چار (دبئی، ابوظبی، شارجہ اور بیروت) اور شمالی امریکہ کے تین ہوائی اڈوں کے  لیے پروازیں چلائی جائیں گی-
متحدہ عرب  امارات کی امارات ایئر نے بھی یکم جولائی سے مخصوص شرائط کے ساتھ پروازیں شروع کردیں- بیرون ملک مقیم تارکین وطن کو امارات واپس لانے کے لیے پروازیں بحال کی گئی ہیں- امارات ایئر نے یکم جولائی سے دنیا کے 52 شہروں کے لیے پروازوں کا اعلان کیا تھا-
تیونس 27 جون کو اپنے ہوائی اڈے بین الاقوامی پروازوں کے لیے کھول چکا ہے۔ یہاں تین ماہ سے زائد عرصے سے پروازیں بند تھیں- تیونس میں سب سے پہلی پرواز فرانس سے قرطاج پہنچی- یہ فرانس ایئر کی پرواز تھی-
بحرین نے بھی یکم جولائی سے ایتھنز اور قاہرہ کے لیے شیڈول پروازیں شروع کردیں- بحرین نے اپنے یہاں آنے والے غیرملکیوں پر پابندی لگائی ہے کہ وہ صحت اقرار نامہ پیش کریں اور 14 دن تک انہیں ہاؤس آئسولیشن یا قرنطینہ میں رہنا ہوگا-
لبنان پانچواں عرب ملک ہے جس نے بدھ  یکم جولائی کو رفیق الحریری ایئرپورٹ بین الاقوامی مسافروں کے لیے کھول دیا ہے- حفاظتی ضوابط اور ہاؤس آئسو لیشن کی پابندی کے ساتھ باہر سے آنے والے مسافروں کا خیر مقدم شروع کردیا گیا-
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: