Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف

اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سہولت مرکز بھی قائم کیے گئے تھے (فوٹو: ٹوئٹر)
وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم پاکستان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق سٹیٹ بنک آف پاکستان ملک کے آٹھ بڑے بینکوں کے تعاون سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرا رہا ہے۔ 
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ستمبر کے پہلے ہفتے میں متعارف کرایا جائے گا جس کی بدولت بیرون ملک مقیم پاکستانی گھر بیٹھے ملک کے کسی بھی بینک میں باآسانی اپنا اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔
بیان کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی بدولت ترسیلات زر، بلوں کی ادائیگی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف سہولیات باآسانی میسر آئیں گی۔ 
جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور اس کے تحت میسر آنے والی سہولتوں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کاری کے لیے متعارف کرائے جانے والے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے حوالے سے گورنر سٹیٹ بنک  اور اشتراک کرنے والے نجی بینکوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وطن سے دور رہ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے والے ان پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شیئر: