Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے اکاؤنٹ تصدیق کی سہولت

یہ متبادل انتظام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے پیش نظر کیا گیا۔ فوٹو اے ایف پی
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بینک اکاؤنٹس کی تصدیق میں درپیش مشکلات حل کرنے کے لیے متبادل ہدایات جاری کردی ہیں جس کے بعد ایسے تمام افراد جو بائیو میٹرک تصدیق کے لیے ملک میں موجود نہیں وہ دیگر دستاویزات آن لائن جمع کروا کر پاکستان میں موجود اپنے اکاؤنٹس کی تصدیق کرواسکتے ہیں۔
یہ متبادل انتظام نوکری کی غرض سے ملک سے باہر مقیم پاکستانیوں کو رقم کی منتقلی اور ملک میں ان کے بینک اکاؤنٹ کی معطلی کے حوالے سے موصول شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک نے اس حوالے سے تمام بینکوں کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
بینک دولت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مجوز کردہ متبادل نظام کے تحت بیرون ملک مقیم خواتین و حضرات اپنے متعلقہ بینک سے بذریعہ ای میل/عام ڈاک رابطہ کرکے اپنی شناختی دستاویزات (پاسپورٹ، ویزا، شناختی کارڈ) فراہم کریں۔
مندرجہ بالا دستاویزات کو بائیومیٹرک تصدیق کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جائے گا، اکاؤنٹ کی تصدیق کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے بینک اکاؤنٹ کو بنا کسی روک ٹوک استعمال کرسکیں گے۔

Caption

اس حوالے سے سٹیٹ بینک نے تصدیق کی شرائط اور ضابطہ کار بھی واضح کردیا ہے جس کے تحت بینک اکاؤنٹ ہولڈرز کو تین درجات میں تقسیم کیا گیا ہے، غیر مقیم پاکستانی، عارضی طور پر باہر مقیم پاکستانی اور مشترکہ اکاؤنٹ ہولڈرز۔
ڈائریکٹر سٹیٹ بینک محمد اختر جاوید کی طرف سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق غیر مقیم پاکستانیوں کو بینک اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے مندرجہ ذیل دستاویزات بھجوانا ہوں گی۔
1۔ صارف کےغیر مقیم پاکستانی ہونے کی تصدیق بذریعہ موثر پاسپورٹ، ویزا، رہائشی پرمٹ یا دیگر مصدقہ دستاویزات
2۔ شناختی کارڈ یا نائکوپ کی کاپی
3۔ متعلقہ بینک کا اکاؤنٹ نمبر
4۔ صارف کی جانب سے رہائشی سٹیٹس تبدیل ہونے کی صورت میں بینک کو مطلع کرنے کا تصدیق نامہ
فراہم کردہ معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجوزہ بینک نادرا کے ذریعے تصدیق کرے گا۔

 ملک سے باہر مقیم افراد کو ملک میں نہ ہونے کا قابل قبول ثبوت فراہم کرنا ہوگا (فوٹو:اے ایف پی)

وہ تمام افراد جو بیرون ملک مقیم پاکستانی تو نہیں مگر عارضی طور پر ملک سے باہر رہائش پذیر ہیں انہیں ملک میں نہ ہونے کا قابل قبول ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔ معلومات کی فراہمی کے بعد متعلقہ بینک نادرا کے سسٹم کے ذریعے تصدیق کا عمل مکمل کرے گا جو بائیو میٹرک تصدیق کا متبادل ہوگا۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ متبادل تصدیق کا یہ عمل صرف اس وقت تک قابلِ عمل ہوگا جب تک صارف ملک سے باہر ہے، ملک واپسی کی صورت میں صارف کو فوری طور پر بائیو میٹرک تصدیق کروانا ہوگی۔
مشترکہ اکاؤنٹ کی صورت میں پاکستان میں مقیم شہری کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی جبکہ ملک سے باہر مقیم شہری کی رہائشی صورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مندرجہ بالا طریقے سے متبادل تصدیق کی جائے گی۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اکاؤنٹ معطل ہورہے تھے اور انہیں پاکستان رقم بھیجنے میں بھی دقّت کا سامنا تھا (فوٹو:اے ایف پی)

سٹیٹ بینک کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ اور کاؤنٹر فائنانسنگ آف ٹیررازم کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات کے تحت تمام بینک اکاؤنٹس کی بائیو میٹرک تصدیق لازم قرار دی گئی ہے اور تصدیق نہ کروانے کی صورت میں اکاؤنٹ معطل کیا جا رہا ہے۔ تاہم نوکری کی غرض سے ملک سے باہر مقیم پاکستانیون کو اس حوالے سے مشکلات درپیش آرہی تھیں کیونکہ ملک میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے ان کے اکاؤنٹ معطل ہورہے تھے اور انہیں پاکستان رقم بھیجنے میں بھی دقّت کا سامنا تھا۔
اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بینک دولت پاکستان نے ایک متبادل نظام متعارف کروایا ہے جو ملک سے باہر مقیم پاکستانیوں کی مشکلات میں آسانی کرے گا۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر:

متعلقہ خبریں