Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بری راستوں سے سعودیوں اور انکے غیر ملکی رشتہ داروں کی واپسی شروع

مملکت آنے کے لیے پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ لازمی ہوگی (فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں بری راستوں کی بندش مرحلہ وار کھولی جارہی ہے۔ واپس آنے والوں کو ’پی سی آر ‘ ٹیسٹ کرانا ہو گا۔ پہلے مرحلے میں چار بری سرحدی پوسٹوں کو کھولا جائے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی’ ایس پی اے‘ کے مطابق بیرون مملکت جانے والے سعودی اور انکے غیر ملکی رشتہ دار (اہلیہ ، بچے ، سعودی خاتون کے غیر ملکی شوہر) اور ملازمین کی بری راستوں سے واپسی کےلیے خصوصی اجازت نامے حاصل کرنے کے بعد انہیں آنے کا اجازت نامہ جاری کیاجائے گا جس کے تحت انہیں مملکت آنے کی اجازت ہوگی۔
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی جانب جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عائد بین الاقوامی سفر پر پابندی کے سبب وہ سعودی باشندے جو عرب ممالک گئے ہوئے تھے مگر بری سرحدوں کی بندش کے باعث  واپس نہیں آسکے  انکی واپسی مرحلہ وار شروع کی جارہی ہے۔

پہلے مرحلے میں 4 سرحدی چیک پوسٹوں کو کھولا گیا ہے(فوٹو، سوشل میڈیا)

پہلے مرحلے میں الخفی ، الرقعی ، البطحا اور شاہ فہد پل پر موجود بری سرحدی راستوں سے مملکت آنے والوں کےلیے خصوصی احکامات صادر کیے گئے ہیں۔
جوازات کا کہنا ہے کہ مملکت آنے والوں کو  ’ابشر‘ اکاونٹ پر اپنے کوائف درج کرکے اجازت حاصل کرنا ہوگی اس کےلیے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ لازمی ہوگی۔
جاری احکامات میں مزید کہا گیا ہے کہ پی سی آرٹیسٹ زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے تک ہونا چاہئے اس سے پرانا ٹیسٹ قابل قبول نہیں ہوگا۔
محدود واپسی کےلیے پہلہ مرحلہ کامیاب ہونے پر دیگر سرحدی علاقوں سے بھی شہریوں کی آمد ورفت کھولی جائے گی ۔
واضح رہے مارچ کے آخری ہفتے سے مملکت میں بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کی گئی تھی جس کے بعد حکام نے ان ہم وطنوں کو جو بیرون مملکت گئے ہوئے تھے خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس لانے کا انتظام کیا تھا تاہم بری راستے بند رہے جس کی وجہ سے قریبی عرب ریاستوں میں گئے ہوئے سعودیوں کی واپسی مشکل ہو گئی تھی ۔
بری راستے صرف سامان کی نقل و حرکت کےلیے کھولے گئے تھے تاہم وہاں سے مسافروں کی آمدورفت پر پابندی عائد تھی۔

شیئر: