Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابشر کے ذریعے ’خروج و عودہ‘ منسوخ کیسے کرائیں؟

خروج وعودہ کینسل کرانے سے اقامہ بھی ختم ہوجائے گا (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات بتدریج معمول پر آرہے ہیں تاہم بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اب تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ 
 ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حکام کی جانب سے اس بارے میں احکامات جاری ہوں گے مطلع کر دیا جائے گا۔ 
قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل کے حوالے سے مزید سوالات بھیجے ہیں۔
 ایک قاری نے سوال کیا ہے کہ میری والدہ میرے اقامے پر ہیں وہ خروج وعودہ پر پاکستان گئی ہوئی تھیں۔ ان کا خروج وعودہ ایکسپائر ہوگیا ہے۔ میرا اقامہ آئندہ ماہ ایکسپائر ہو جائے گا۔ میں والدہ کا خروج وعودہ کینسل کرانے کے لیے کیا کروں؟ میرا ارادہ فیملی کو بھی مستقل طور پر پاکستان بھیجنے کا ہے۔
جواب: سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے تاحال بین الاقوامی سفر پر پابندیاں عائد ہیں تاہم مملکت سے روانگی خصوصی پروازوں کے ذریعے جاری ہے مگر بیرون ملک سے آمد مکمل طور پر بند ہے تاہم اس حوالے سے ابھی تک یہ نہیں کہا جاسکتا کہ کب تک پروازیں مکمل طور پر بحال ہوں گی۔ 
جہاں تک آپ نے والدہ کے خروج وعودہ کے حوالے سے سوال کیا ہے اس بارے میں اگرآپ ان کا خروج وعودہ کینسل کراتے ہیں تو اقامہ بھی ختم ہوجائے گا۔ جیسا کہ آپ نے ذکر کیا ہے کہ فیملی کو بھی مستقل طور پر بھیجنے کا ارادہ ہے تو اس کے لیے آپ کو چاہیے کہ اپنے ’ابشر اکاؤنٹ‘ پر لاگ ان کرنے کے بعد وہاں ’خدمات‘ کے براوز پر جائیں جہاں سے ’خدمات ‘ کے آپشن میں جانے کے بعد جس ادارے سے آپ کو کام ہے اس کا انتخاب کریں۔ جوازات کا انتخاب کرنے کے بعد وہاں اس خدمت کو منتخب کریں جو درکار ہے۔ 

اس بات کو ثابت کریں کہ کفیل نے ہروب غلط لگایا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

آپ ’خرج ولم یعد‘ کی خدمت منتخب کریں جس کا مطلب ہے کہ ’مملکت سے جانے کے بعد واپس نہیں آئے۔ مذکورہ خدمت منتخب کرنے کے بعد مختصر طور پر عبارت تحریر کریں جس میں والدہ کا اقامہ نمبر بھی درج کریں اوراقامے کی پی ڈی ایف کاپی اپ لوڈ کردیں۔ 
 زارا بتول کا سوال فلائٹس کے حوالے سے ہے، وہ دریافت کرتی ہیں کہ پاکستان سے ریاض کی شیڈول پروازوں کے بارے میں کوئی سرکاری اعلان ہوا ہے؟ 
جواب: ابھی تک کورونا وائرس کی وجہ سے کسی ملک سے پروازاوں کی آمد کا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے تاحال بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد ہے جیسے ہی اس بارے میں کوئی حتمی احکامات جاری ہوں گے اردو نیوز میں فوری طور پر اطلاع فراہم کردی جائے گی۔ 
اکبر قریشی پوچھتے ہیں کہ میں پاکستان جانا چاہتا ہوں کفیل نے ہروب لگایا ہوا ہے کیا کروں؟ 
جواب: یہ بتائیں کہ ہروب کتنا پرانا ہے۔ اگر حال ہی میں ہروب لگایا گیا ہے تو کفیل سے کہہ کر اسے منسوخ کرانے کے بعد خروج نہائی لگا سکتے ہیں بصورت دیگر آپ کو لیبر کورٹ جانا ہو گا وہاں اس بات کو ثابت کریں کہ کفیل نے ہروب غلط لگایا ہے جس کے لیے درکار دستاویزات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔ 

بین الاقوامی سفر کے حوالے سے کوئی احکامات جاری نہیں ہوئے (فوٹو: ایس پی اے)

دوسری صورت میں سفارت خانے یا قونصلیٹ کے شعبہ ویلفیئر کو درخواست دیں جس میں تمام معلومات مہیا کریں وہ آپ کی واپسی کے لیے ضرور مدد کریں گے۔ 
فیصل جٹ کا سوال واپسی کے حوالے سے ہے وہ کہتے ہیں کہ میں خصوصی فلائٹ پر پاکستا ن چھٹی پر آیا ہوں۔ یہاں آکر اقامہ بھی ختم ہوگیا ہے اور ابھی تک تجدید نہیں ہوا۔ یہلے 3 ماہ کے لیے رینیو ہوا تھا لیکن اب نہیں ہوا۔ کیا میں سعودی عرب واپس آسکتا ہوں؟ 
جواب: تاحال بین الاقوامی سفر کے حوالے سے کوئی احکامات جاری نہیں ہوئے۔ سعودی حکام کی جانب سے خصوصی طور پر رعایت دیتے ہوئے بیرون ملک گئے ہوئے غیر ملکیوں کے اقامے تجدید کیے گئے تھے تاہم ابھی تک اس بارے میں دوسری کسی رعایت کا اعلان نہیں ہوا جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے حکام کی جانب سے غیر ملکی کارکنوں کی واپسی کے بارے میں قواعد کا اعلان کیا جائے گا۔ آپ اس کا انتظار کریں جیسے ہی اس بارے میں اعلان ہوگا اردو نیوز کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔ 

شیئر: