Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابینہ میں قانون محنت میں ترمیم منظور

آن لائن اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں ہوا۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے قانون محنت میں ترمیم کی منظوری دی ہے جبکہ 14 فیصلے بھی جاری کیے ہیں۔
بدھ کو آن لائن اجلاس خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں ہوا۔  
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قانون محنت میں ترمیم کی تفصیلات ام القری سرکاری گزٹ میں شائع کی جائیں گی۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے امید ظاہر کی کہ نیا ہجری سال 1442 عربوں، مسلمانوں اور دنیا بھر کے انسانوں کے لیے خیر و برکت اور امن و استحکام کا سال ثابت ہو۔  
شاہ سلمان نے کابینہ کے ارکان کو سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق اور نائجیریا کے صدر محمد بخاری کے ساتھ ٹیلیفونک رابطوں کے نتائج سے آگاہ کیا۔ نائجیریا کے صدر سے عالمی تیل منڈی میں استحکام اور توازن کی بحالی کے لیے جاری کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
کابینہ نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں اور مرنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں ملکی اور بین الاقوامی سطحوں پر کورونا وائرس کی تازہ صورتحال پر رپورٹیں بھی پیش کی گئی تھیں۔
سعودی کابینہ نے امید ظاہر کی کہ نیا تعلیمی سال ملک و قوم کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ ہنگامی حالات کے حوالے سے تعلیمی سال کی  تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ طلبہ و طالبات، اساتذہ  اور تربیتی عملے کی صحت و سلامتی کے لیے موثر انتظامات کرلیے گئے ہیں۔  

سعودی کابینہ نے 14 فیصلے بھی جاری کیے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

سعودی عرب نے لیبیا میں جنگ بندی سے متعلق لیبیا کی پارلیمنٹ اور صدارتی کونسل کی طرف سے جاری کردہ اعلان کا پھر خیر مقدم کیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ملکی مفاد کو ہر مفاد پر بالا رکھ کر قومی سیاسی مکالمہ ناگزیر ہے۔ لیبیا کے برادرعوام کے امن و استحکام کا ضامن پائدار حل ملک کے لیے اشد ضروری ہے۔ حل ایسا ہو کہ خارجی مداخلت کے سدباب کا باعث بنے۔ 
سعودی کابینہ نے منصوبہ بند طریقے سے جان بوجھ کر مملکت میں شہریوں اور سول تنصیبات پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کے دھماکہ خیز ڈرونز اور بیلسٹک میزائل حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ 
کابینہ نے کھیلوں کے شعبے میں جیبوتی کے ساتھ تعاون کے معاہدے، برازیل کے ساتھ ثقافتی تعاون کی مفاہمت کی یادداشت، امریکہ کے ساتھ آباد کاری کی مفاہمتی یادداشت، عالمی ادارہ محنت کے تحفظ اجرت معاہدے، ماریطانیہ کے ساتھ شہری خدمات کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ 

شیئر: