Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان، انگلینڈ یا بارش، کون ہوگا فاتح؟

ٹیسٹ سیریز کے دوران جمی اینڈرسن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 600 وکٹیں پوری کیں۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوسرے اور آخری مرحلے کا آغاز جمعے کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ سے ہونے جا رہا ہے۔
 اب تک پاکستان کے دورہ انگلینڈ میں بارش اور میزبان ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ہے لیکن اب انگلینڈ کا مقابلہ مختصر فارمیٹ میں دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیم کے ساتھ ہوگا جس سے شائیقین کرکٹ کو بہترین کرکٹ کی امید ہے۔ 
عالمی وبا کورونا وائرس کے بعد یہ مختصر فارمیٹ کی پہلی کرکٹ سیریز ہوگی۔
 پاکستان کی ٹیم مختصر فارمیٹ میں میزبان ٹیم انگلینڈ کو ٹف ٹائم دینے کے لیے جمعے کو مانچسٹر کے میدان میں اترے گی۔ 
 ٹیسٹ سیریز کے برعکس کپتان بابر اعظم کے پاس تجربہ کار گیند بازوں اور بلے بازوں پر مشتمل سکواڈ ہے۔ 
محمد عامر، وہاب ریاض، شعیب ملک اور محمد حفیظ کی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شمولیت کے بعد مہمان ٹیم کو ٹیسٹ سیریز کی طرح نا تجربہ کاری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ 
مختصر فارمیٹ کے ان منجھے ہوئے کھلاڑیوں کے بعد ٹیم پاکستان ایک نئے رنگ میں تو نظر آئے گی لیکن انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن بھی ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے بے تاب ہوں گے۔ 
پاکستان کی جانب سے باصلاحیت نوجوان حیدر علی کا انگلینڈ کے خلاف ڈبیو کا بھی امکان ہے۔ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ اور پاکستان سپر لیگ میں شاندار کارکردگی کے بعد حیدر علی کے پاس بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے جوہر دکھانے کا بھی نادر موقع ہوگا۔  

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز جمعے کو مانچسٹر میں ہو رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسری جانب مورگن کی قیادت میں میزبان ٹیم میں جونی بیرسٹو، جوئے ڈنلی اور ڈیوڈ ویلی جیسے ٹی ٹوئنٹی سپیشلسٹ کے ساتھ ایک مضبوط بیٹنگ لائن رکھنے والی ٹیم میدان میں اترے گی۔ جبکہ کرس جارڈن جیسے آل راؤنڈر کی موجودگی سے انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون ٹیم کے ساتھ بھرپور پنجا آزمائی کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انگلینڈ سکواڈ میں پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے حیدر علی کے ٹیم میٹ ٹام بنٹن دھواں دار اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھنے والے کھلاڑی بھی موجود ہوں گے۔ 
ٹام بنٹن انگلینڈ کاؤنٹی کرکٹ میں زبردست کارکردگی دکھانے کے بعد انگلش ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے اور اسی کے بدولت پی ایس ایل میں بھی پشاور زلمی کی نمائندگی کی لیکن بین الاقوامی کرکٹ میں ٹام بنٹن کا بلا رنز اگلنے کے لیے ابھی بے تاب ہے۔
دونوں ٹیموں کا موازنہ کیا جائے تو دونوں ٹیمیں کے پاس تجربہ کار بیٹنگ لائن موجود ہے تاہم انگلینڈ کے مقابلے میں پاکستان کی بولنگ لائن مضبوط نظر آتی ہے لیکن دونوں ٹیموں میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو تن تنہا میچ کا پانسا پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

پاکستان سکواڈ میں بابر اعظم بھی شامل ہوں گے۔ فوٹو اے ایف پی

موسم کی پیشگوئی کیا کہتی یے؟
ٹیسٹ سیریز کی طرح ٹی ٹوئنٹی میچ بھی بارش سے متاثر ہو سکتا ہے۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے چند اوورز کم ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔ ایسے میں ٹاس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
مانچسٹر کی وکٹ ٹی ئٹونٹی کے لیے سازگار پچ مانی جاتی ہے جو کہ فاسٹ بالرز کے ساتھ بلے بازوں کو اپنے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کرتی ہے۔ 
مانچسٹر کا میدان پاکستان کے لیے ہمیشہ سے ساز گار رہا ہے لیکن پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز میں مجموعی بور پر انگلینڈ کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ 
اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 15 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں 11 بار انگلینڈ جبکہ صرف 4 بار ٹیم پاکستان فاتح رہی۔

شیئر: