Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 11 کا انعقاد 26 مارچ سے تین مئی تک ہو گا، محسن نقوی

محسن نقوی نے کہا کہ نئی ٹیموں کی نیلامی کی تاریخ آٹھ جنوری کر دی گئی ہے (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کی حتمی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کے مطابق پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ کو ہو گا جبکہ فائنل تین مئی کو کھیلا جائے گا۔
اتوار کو امریکہ کے شہر نیویارک میں تاریخ میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا روڈ شو منعقد کیا گیا جہاں چیئرمین پی سی بی نے پی ایس ایل کے متعلق اہم اعلانات کیے۔
ان روڈ شوز کا مقصد آٹھ جنوری کو پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی خریداری میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا بتایا گیا ہے۔ نیویارک روڈ شو میں محسن نقوی کے علاوہ ٹی20 کپتان سلمان علی آغا، صائم ایوب، ابرار احمد، فہیم اشرف، سعود شکیل، شان مسعود، سابق کپتان وسیم اکرم، رمیز راجہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔
محسن نقوی نے پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ’پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا جبکہ فائنل میچ تین مئی کو کھیلا جائے گا۔‘
ان کے مطابق ’11 میچز کی میزبانی اس بار فیصل آباد بھی کرے گا۔‘
چیئرمین پی سی بی نے نئی ٹیموں سے متعلق بھی اعلان کیا اور کہا کہ ’نئی ٹیموں کی نیلامی کی تاریخ چھ جنوری سے بڑھا کر آٹھ جنوری کر دی گئی ہے۔‘
انہوں نے وضاحت کی کہ ’بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کے باعث ٹیموں کی نیلامی کی تاریخ آگے بڑھائی گئی ہے۔‘
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل ایک عالمی برانڈ بن چکا ہے اور نیویارک میں روڈ شو کا انعقاد لیگ کی بین الاقوامی مقبولیت کا ثبوت ہے۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ایس ایل 11 شائقین کے لیے ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوگا۔
روڈ شو میں شرکت کرنے والے پاکستانی کرکٹرز شان مسعود، سلمان علی آغا اور سعود شکیل نے پی ایس ایل کے اپنے تجربات شیئر کیے جبکہ ابراراحمد، فہیم اشرف اور صائم ایوب نے بھی پی ایس ایل کی اہمیت پر بات کی۔
اس سے قبل پی ایس ایل نے لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھی روڈ شو کا انعقاد کیا تھا جہاں محسن نقوی نے مظفرآباد اور اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیمز کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پی ایس ایل کے دوران ہر ہفتے میوزیکل کانسرٹس کروائے جائیں گے۔‘

شیئر: