Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بقالوں کی سعودائزیشن تیز کرنے کا فیصلہ 

سعودائزیشن کا تیسرا مرحلہ جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
 سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ بقالوں (جنرل سٹورز) کی سعودائزیشن میں تیزی لائی جائے گی۔ لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔
 جنرل سٹورز کی سعودائزیشن میں تیزی لانے کا فیصلہ مملکت بھر میں ریٹیل سیکٹر کی سعودائزیشن اور سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے انسداد کے تحت کیا گیا ہے۔  
 اخبار 24 کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ماتحت تجارتی سرگرمیوں کی سعودائزیشن کے ادارے کے ڈائریکٹر عبدالسلام التویجری نے مشرقی ریجن کے ایوان صنعت و تجارت کے زیر انتظام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے جنرل سٹورز کی سعودائزیشن کا تیسرا مرحلہ جلد شروع کیا جا رہا ہے۔  

تجارتی اداروں کو تین سے چار ماہ کی مہلت دی جائے گی۔ (فوٹو: روئٹرز) 

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت افرادی قوت نو قسم کی تجارتی سرگرمیوں کی 70 فیصد سعودائزیشن کا فیصلہ کرچکی ہے۔ اس حوالے سے تجارتی اداروں کو تین سے چار ماہ کی مہلت دی جائے گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ بیشتر تجارتی ادارے اپنے یہاں سعودی شہریوں کے تقرر کے سلسلے میں پرعزم ہیں جبکہ وہ مقامی نوجوانوں کو تجارتی سرگرمیوں سے منسلک ہونے کا اہل بنانے کا طریقہ کار بھی دریافت کرنے لگے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ یہ ہدف حاصل ہو اور اس سلسلے میں جہاں سے انہیں جو تعاون مل سکتا ہو اسے حاصل کیا جائے۔ 
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت نے حال ہی میں قہوہ، چائے، شہد، چینی، مصالحہ جات، پانی، مشروبات، پھلوں، سبزیوں، کھجوروں، پودوں، زرعی مواد، کتابوں، تحائف، کھلونوں، سٹیشنری اور طلبہ کو مطلوب خدمات کی سعودائزیشن کا فیصلہ جاری کیا تھا۔

شیئر: