Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں کورونا کے 60 لاکھ کیسز

امریکہ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی وبا سے دنیا بھر میں اب تک دو کروڑ 52 لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ لاکھ 46 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
امریکہ اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 60 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جو دنیا کے مجموعی کیسز کا چوتھائی حصہ بنتا ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 83 ہزار 66 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف ممالک نے اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جولائی کے وسط کے بعد سے ہر چار دن میں عالمی سطح پر 10 لاکھ مزید کیسز سامنے آئے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق تین ہفتے پہلے امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 لاکھ تھی اور اس سے 17 دن پہلے وہاں کیسز کی تعداد 40 لاکھ تھی۔
اس وبا سے امریکی معیشت بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس وبا سے نمٹنے کے لیے ایسے وقت چیلنج کا سامنا ہے جب امریکہ میں رواں برس نومبر میں صدارتی الیکشنز منعقد ہونے جا رہے ہیں۔
امریکہ کے بعد برازیل کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
برازیل میں مجموعی کیسز کی تعداد 38 لاکھ 62 ہزار 311 ہو چکی ہے، ملک میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 828 ہے۔
انڈیا سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ 83 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اتوار کے روز انڈیا میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ 78 ہزار 761 کیسز رپورٹ ہوئے۔
دنیا بھر میں ابھی تک کورونا وائرس کی ویکسین یا موثر علاج دستیاب نہیں۔ حکومتیں اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سماجی فاصلے اور لاک ڈاؤن جیسے اقدامات کرنے پر مجبور ہے۔
نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا نے وبا پر قابو پا لیا تھا لیکن اب ان ممالک کو ایک بار پھر نئے کیسز کا سامنا ہے، دونوں ممالک نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اقدامات سخت کر دیے ہیں۔

شیئر: