Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیرداخلہ کا مسجد الحرام واقعے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکار کو ٹیلی فون

اہلکارمسجد الحرام کی بالائی منزل سے گرنے والے کو بچاتے ہوئے زخمی ہوا(فوٹو،ایکس)
وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے مسجد الحرام واقعے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکار ’ریان آل احمد‘ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ان کی دلیری اور فرض شناسی کی تعریف کی ۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر داخلہ نے زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکار سے انکی صحت حوالے سے بھی دریافت کیا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وزیر داخلہ نے ٹیلی فونک گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ سیکیورٹی اہلکار نے جو کچھ کیا وہ ان عظیم اقدار و فرض شناسی کی عکاسی کرتا ہے ، اہلکار کی جانب سے دلیرانہ اقدام محض ملازمت کے فرائض ہی نہیں بلکہ ایک عظیم انسانی موقف تھا جو قربانی کی اعلی ترین مثال ہے۔
ٹیلی فونک گفتگو کے اختتام میں وزیر داخلہ نے سیکیورٹی اہلکار کو مکمل صحتیابی کی دعا دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ جلد ہی مسجد الحرام کے زائرین کی خدمت کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر پہنچ جائیں۔
واضح رہے گزشتہ روز ایک عمرہ زائر نے مسجد الحرام کی بالائی منزل سے خود کو نیچے گرا دیا تھا یہ منظر دیکھ کر وہاں موجود سیکیورٹی اہلکار نے گرنے والے کو تھامنے کی کوشش کی مگر وہ بھی اس کی زد میں آکر زخمی ہوگئے تھے جس پر دونوں کو فوری طورپر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔  

شیئر: