Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس ویکسین کی ماہانہ 20 لاکھ خوراکیں تیار کرے گا

یورپ میں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد کورونا کیسز میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
روس نے کہا ہے کہ وہ رواں سال کے آخر تک کورونا وائرس کی ویکسین کی ماہانہ 15سے 20 لاکھ خوراکیں کرے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق روس کے وزیر برائے تجارت و صنعت ڈینس منتروف نے کہا ہے کہ روس ویکسین کی پیداوار بتدریج بڑھاتے ہوئے 60 لاکھ خوراکیں تیار کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
روس کے گمالیا انسٹی ٹیوٹ کے تحت تیار کی گئی ویکسین کے بڑے پیمانے پر انسانی تجربات کا آغاز اگلے ہفتے سے ہوگا۔
دوسری جانب کورونا سے دنیا بھر میں دو کروڑ 32 لاکھ 35 ہزار 28 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد آٹھ لاکھ پانچ ہزار 176 ہوگئی ہے۔
اٹلی میں سنیچر کے روز  کورونا وائرس کے ایک ہزار سے زائد نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ مئی میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد اٹلی میں یومیہ ریکارڈ ہونے والے کیسز کی یہ سب سے بڑی تعدادا ہے۔
تاہم اٹلی کے وزیر صحت رابرٹو سپیرنزہ نے کہا ہے کہ نئے کیسز میں اضافے کے باوجود ملک میں لاک ڈاؤن نہیں نافذ کیا جا رہا۔

اٹلی میں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد ایک ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

یورپی ممالک کے مقابلے میں اٹلی کورونا وائرس سے شدید متاثر رہا ہے جہاں اب تک 35 ہزار سے زائد افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
اٹلی کے وزیر صحت نے مقامی اخبار کو انٹرویو میں کہا کہ کیسز میں اضافے کے باوجود دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ نہیں کیا جائے گا۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اٹلی کی موجودہ صورتحال کا موازنہ فروری اور مارچ میں وائرس کے باعث  پیدا ہونے والے حالات سے نہیں کیا جا سکتا جب وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانا ممکن نہیں تھا اور متاثرہ افراد کی ٹریسنگ اور انہیں علیہدہ رکھنا ایک مشکل مرحلہ تھا۔
وزیر صحت رابرٹو سپیرنزہ نے کہا کہ اٹلی کا شعبہ صحت پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں بیڈز کی تعداد دوگنی کر دی گئی ہے۔
تاہم اٹلی کی انڈر سیکرٹری برائے صحت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن نہیں نافذ کیا جائے گا لیکن وائرس سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔
اٹلی میں سپین اور فرانس کے مقابلے میں نئے متاثرین کی تعداد کم ہے۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد حفاظتی تدابیر اپنانے پر زور دیا جا رہا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 56 لاکھ  68 ہزار 564 ہوگئی ہے۔ امریکہ میں کورونا سے اب تک ایک لاکھ 76 ہزار 371 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
برازیل میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعدد 35 لاکھ 82 ہزار 362 ہوگئی ہے۔ وبا سے اب تک ایک لاکھ 14 250 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
انڈیا کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 30 لاکھ 44 ہزار 940 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ انڈیا میں 56 ہزار 706 افراد اس وبا کی نذر ہو چکے ہیں۔

شیئر: