مملکت کی جانب سے حمص میں مسجد علی بن ابی طالب کو نشانہ بنانے کی مذمت
سانحے میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے(فوٹو ایکس اکاونٹ)
وزارتِ خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے جمہوریہ شام کے شہر حمص میں نماز جمعہ کے دوران مسجد ’الامام علی بن ابی طالب ‘ پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی جس میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مملکت نے ہمیشہ سے ہی دہشت گردی ، انتہائی پسندی ، مساجد اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے اور امن عامہ کو تہہ و بالا کرنے کی دہشت گردانہ کارروائی کو سختی سے مسترد کیا ہے‘۔
سعودی عرب کی جانب سے اس عظیم سانحہ میں جمہوریہ شام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار اور امن و استحکام کے قیام کے لیے شامی حکومت کی کوششوں کو کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ’سعودی عرب ، جمہوریہ شام اور اس کے برادر عوام کے ساتھ ہے ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں ساتھ ہی سانحہ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور شامی حکومت سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں‘۔