Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ 78 ہزار 761 کیسز

انڈیا میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتیں 63 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کورونا وائرس کے وار جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے ریکارڈ 78 ہزار 761 کیسز سامنے آئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے انڈیا کی مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ سنیچر کو سامنے آنے والے کیسز دنیا بھر میں ایک دن میں رپورٹ ہونے والے اب تک کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
رواں برس 17 جولائی کو امریکہ میں ایک دن کے سب سے زیادہ 77 ہزار 638 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

 

انڈیا امریکہ اور برازیل کے بعد کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک کورونا کے 35 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک میں کورونا سے اب تک 63 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہے۔
انڈیا میں کورونا کے ریکارڈ کیسز حکومت کی جانب سے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کرنے کے ایک دن بعد سامنے آئے ہیں۔
حکومت نے کیسز میں مسلسل اضافے کے باوجود لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ مشکلات کے شکار معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے کیا ہے۔
انڈیا میں کورونا کے سبب لاک ڈاؤن کی وجہ سے لاکھوں لوگ ملازمتوں سے محروم ہو چکے ہیں۔ معاشی خرابی کا سب سے زیادہ اثر غریبوں پر ہوا ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں ماسک پہن کر اور سوشل ڈسٹنسنگ کے ساتھ سو افراد تک کے مجمع کی اجازت ہوگی۔ یہ اجتماعات سیاسی، سماجی، تفریحی، اور کھیلوں کے ہو سکتے ہیں۔
ملک کے اہم شہروں میں میٹرو ٹرین سروس کی اجازت بتدریج دی جائے گی۔

انڈیا کے بڑے شہروں میں میٹرو ٹرین سروس کی اجازت بتدریج دی جائے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

کورونا کی وبا کے سبب جاری لاک ڈاؤن سے بڑے شہر بشمول ممبئی اور دارالحکومت دہلی تو زیادہ متاثر ہوئے ہیں تاہم اب چھوٹے شہروں اور دیہاتی علاقے بھی اس سے متاثر ہونے لگے ہیں۔
نئی گائیڈ لائنز کے مطابق سکولز تو بند رہیں گے لیکن طالب علم رضاکارانہ طور پر سکول کے حدود میں اساتذہ سے مل سکتے ہیں۔

شیئر: