متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے پاکستان کے ایک روزہ دورے کے موقعے پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔
یو اے ای کے سرکاری خبر رساں ادارے امارات نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق جمعے کو اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے امارات اور پاکستان کے درمیان معیشت، سرمایہ کاری اور ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امارات کے صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ شیخ محمد بن زاید آل نہیان کا دورہ پاکستان اور امارات کے تعلقات میں ایک اہم قدم ہے جو دونوں ممالک کے روابط کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا عکاس ہے۔
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب میں سابق اماراتی سفیر کےلیے کنگ عبدالعزیز میڈلNode ID: 898711
’وام‘ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے امن، سکیورٹی اور استحکام کے مشترکہ کاوشوں کی اہمیت پر زور دیا۔
امارات کے صدر نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال پر اظہارِ تحسین کیا اور ثقافتی و عوامی رابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے گہرے تعلقات پر روشنی ڈالی۔
شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے معیشت، توانائی، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں پاکستان کے ساتھ امارات کے وسیع تر تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں موجودہ کردار کا حوالہ دیتے ہوئے عالمی امن کے لیے امارات اور پاکستان کی مسلسل کوارڈینیشن کی اہمیت پر بھی بات کی۔
شیخ محمد زاید بن آل نہیان نے مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کی متحدہ امارات کی مستقل پالیسی کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ طریقے چیلنجز سے نمٹنے اور ترقی خوشحالی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے سب سے زیادہ مؤثر ہیں۔
اس موقعے پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے امارات کے ترقیاتی منصوبوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان فروغ پاتے تعلقات کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے علاقائی و بین الاقوامی امن کے فروغ کے لیے امارات کے صدر کے کردار کی تعریف بھی کی۔
آج اسلام آباد میں وزیرِاعظم جناب محمد شہباز شریف سے ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں، بالخصوص اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون اور اسے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی اور… pic.twitter.com/qeeWXfQ9BK
— محمد بن زايد (@MohamedBinZayed) December 26, 2025












