Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن فلم فیسٹول، 25 بہترین فلموں کے لیے ایوارڈ

فلم فیسٹیول یکم سے 6 ستمبر تک جاری رہے گا (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کلچرل سینٹر (اثرا) کے زیراہتمام چھٹا سعودی فلمی فیسٹیول منگل یکم ستمبر کو شروع ہوا ہے۔
 دمام میں سعودی انجمن برائے ثقافت و فنون کے اشتراک اور وزارت ثقافت کے ماتحت فلمی اتھارٹی کے تعاون سے فلمی فیسٹیول یکم سے 6 ستمبر تک جاری رہے گا۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق چھٹا سعودی فلمی فیسٹیول پہلی بار آن لائن ہو رہا ہے۔ اس میں سعودی عرب کی شاندار فلمیں پیش کی جا رہی ہیں۔ 25 بہترین فلموں کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔

مقابلے میں شامل فلمیں یوٹیوب چینل پر دکھائی جائیں گی (فوٹو: سبق)

مقابلے میں شامل فلمیں یوٹیوب چینل پر دکھائی جائیں گی۔ علاوہ ازیں فلم سازوں کے ساتھ مکالمے آن لائن نشر ہوں گے۔ اس موقع پر فلمی صنعت سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ورکشاپس بھی منعقد ہوں گی۔ 
سعودی فلمی فیسٹیول کا آغاز 2008 میں ہوا تھا۔ اس سے مملکت میں فلموں کی صنعت کو تحریک ملی ہے اور ثقافتی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں جبکہ سعودی لڑکوں اور لڑکیوں کو فلم سازی کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع مل رہا ہے۔  
اثرا کے ڈائریکٹر حسین حنبظاظۃ نے بتایا کہ سینٹر کی اہم شروعات 2018 میں اس وقت ہوئی جب سینٹر نے پہلی بار ’جود‘ نامی فلم  تیار کی جسے بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی-

فیسٹیول میں سعودی عرب کی شاندار فلمیں پیش کی جا رہی ہیں (فوٹو: سبق)

بیرونی دنیا میں بھی اسے سراہا گیا- فلم نے کئی ایوارڈز جیتے- اثرا نے 2019 میں 150 سے زیادہ تخلیقی کام پیش کیے جن میں 8 فلمیں بھی تھیں۔
سینٹر مملکت میں خداداد صلاحیتوں کے مالک نوجوانوں کو فلمی اور ثقافتی دنیا میں اپنا مقام بنانے میں مدد کر رہا ہے۔  
ڈائریکٹر نے کہا کہ سینٹر 300 نشستوں پر مشتمل جدید طرز کا سینما ہال قائم کیے ہوئے ہے۔ یہاں دستاویزی فلمیں، بچوں کی فلمیں، عوامی اور تاریخی فلمیں مقررہ نظام الاوقات کے مطابق دکھائی جا رہی ہیں۔ 
یاد رہے کہ اثرا اب تک 20 فلمیں تیار کرچکا ہے اور 15 ایوارڈز جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیے ہوئے ہے۔

شیئر: