Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات اور اسرائیل بینکنگ و مالیاتی شعبے میں تعاون کریں گے

ورکنگ گروپ اور دوطرفہ کمیٹیاں بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔(فوٹو وام)
 متحدہ عرب امارات اوراسرائیل نے منگل کو بینکنگ اور مالیاتی شعبے میں تعاون کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پراتفاق کیا ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے مرکزی بنک کے گورنر عبدالحمید سعید الحامدی اور اسرائیلی وزیراعظم کے آفس کے ڈائریکٹر جنرل رونین بیرتس نے مستقبل میں بنکنگ اور مالیاتی شعبے میں تعاون کےلیے مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط  کیے ہیں۔
امارات کی خبررساں ایجنسی وام کے مطابق منگل کو ابوظبی میں فریقین کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ سہو لتوں کے قیام کے لیے ورکنگ گروپ اور دوطرفہ کمیٹیاں بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

دونوں ملکوں نے ابو ظبی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں( فوٹو وام)

ایم او یو پر دستخط کے موقع پراسرائیل کے مشیر قومی سلامتی و سربراہ قومی سلامتی کونسل میئر بن شبات بھی موجود تھے۔
عرب نیوزکے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے نمائندوں نے سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مالیاتی خدمات کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے لیے مالی رکاوٹوں کو دور کرنے کے ساتھ کیپیٹل مارکیٹ میں مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک بینکاری خدمات اور ادائیگی کے ضوابط میں بھی تعاون کریں گے۔

شیئر: