Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ؛ سونے کے زیورات کا غیر قانونی کارخانہ سیل ،9 غیر ملکی گرفتار

کارخانے سے 5 کلوگرام سونے کے زیورات بھی برآمد ہوئے (فوٹو،سبق نیوز)
جدہ میں وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیم نے غیر قانونی طور پرقائم سونے کے زیورات تیارکرنے کا کارخانہ سیل کرکے وہاں کام کرنے والے 9 غیر ملکی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
کارخانے سے برآمد ہونے والے 5 کلو گرام سونے کے زیورات بھی ضبط کرلیے گئے ہیں۔ ملزمان کے خلاف تجارتی پردہ پوشی کا بھی شبہ ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت تجارت کے حوالے سے کہا ہے کہ جدہ کے علاقے ’البغدایہ ‘ میں وزارت کو غیر قانونی طور پرقائم سونے کے زیوارت تیار کرنے والے کارخانے کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی جس پرتفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی تاکہ مکمل تحقیق کے بعد کارروائی  کی جائے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیم نے ایک ہفتے تک کارخانے کی نگرانی کرکے رپورٹ پیش کی جس کے بعد پولیس کے ہمراہ اس وقت کارخانے پر چھاپا مارا گیا جب وہاں تمام اہلکار موجود تھے۔

 وزارت کی ٹیم نے ایک ہفتے تک کارخانے کی نگرانی کی (فوٹو، سبق)

ٹیم کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ کارخانہ بغیر اجازت کے قائم کیا گیا تھا جبکہ انکے پاس شناختی علامت ’برانڈ‘ بھی رجسٹرنہیں تھا جو قانون کے مطابق  قیمتی دھاتوں کو زیورات میں ڈھالنے کےلیے مخصوص کیاجاتا ہے۔
وزارت تجارت کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی کارخانے سے 5 کلوگرام سونے کے زیورات برآمد ہوئے جنہیں ضبط کرکے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے جہاں انکی تفصیلی جانچ کی جائے گی۔
کارخانے کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ تجارتی پردہ پوشی کے تحت قائم کیا گیا ہے جبکہ اس کے اصل مالکان غیر ملکی ہی ہیں انکے خلاف تحقیقات کےلیے ادارہ انسداد تجارتی پردہ پوشی کو کیس بھیج دیا گیاہے۔
غیر قانونی طور پر قائم کارخانے سے خالص سونے کی ’سلاخیں‘ اور ’بلاک‘ کو مائع میں تبدیل کرنے کی مخصوص مشینیں اور دیگر آلات بھی برآمد ہوئے جنہیں وزارت تجارت نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
 

شیئر: