Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب سرمایہ کار کو 7.7 ملین درہم میں فرضی فلیٹ بیچ دیا 

دبئی کی فوجداری عدالت نے مقدمے کی سماعت شروع کردی ہے ( فوٹوسوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات میں ایک یورپی شہری نے عرب سرمایہ کار کو 7.7 ملین درہم میں فرضی فلیٹ فروخت کردیا۔ معاملہ دبئی کی فوجداری عدالت میں پہنچ گیا ہے۔  
الامارات الیوم کے مطابق ریئل سٹیٹ ایجنسی کے یورپی شہری نے ڈاؤن ٹاؤن کے ہاؤسنگ کمپاؤنڈ میں فرضی فلیٹ کا سودا ایک عرب سرمایہ کار سے طے کرکے اس سے 77 لاکھ 72 ہزار درہم اینٹھ لیے۔
عرب سرمایہ  کار کو پروجیکٹ کے ڈیزائن اور فلیٹ کی جعلی دستاویز حوالے کرکے بے وقوف بنایا گیا۔ 
عرب سرمایہ کار نے دبئی پبلک پراسیکیوشن کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ریئل سٹیٹ ایجنسی کے مینجر اور شریک یورپی شہری سے اس کی ملاقات شیخ زاید سٹریٹ پر واقع دفتر میں 2015 میں ہوئی تھی۔ یورپی شہری نے اسے77 لاکھ 72 ہزار درہم میں اعلی  ہاؤسنگ پروجیکٹ میں واقع ہوٹل جیسا فلیٹ  بتایا تھا۔ سودے کی رقم تین قسطوں میں ادا کی۔ یورپی شہری نے اسے پروجیکٹ کمپنی کی طرف سے رقم کی وصولی کی دستاویز حوالے کیں۔ 
عرب سرمایہ کار نے اپنے بیان میں یہ بھی بتایا کہ چند روزیورپی شہری اس سے ملنے اور اسے غیر منقولہ جائدادوں کے محکمے کی طرف سے جاری سودے کے ابتدائی معاہدے کی کاپی فراہم کی۔ یورپی شہری نے وعدہ کیا کہ پروجیکٹ مکمل ہونے پر فائنل  ایگریمنٹ کی کاپی دی جائے گی۔ 
عرب سرمایہ کار کے مطابق ایک دن وہ ہاؤسنگ پروجیکٹ کمپنی کے دفتر چلا گیا تاکہ متعلقہ فلیٹ کے بارے میں تفصیلات دریافت کرسکے۔ دفتر والوں کو دستاویزات اورابتدائی ایگریمنٹ کی کاپی حوالے کی۔

پروجیکٹ کے ڈیزائن اور فلیٹ کی جعلی دستاویز حوالے  کردیں( فوٹوسوشل میڈیا)

دفتری عملے نے ریکارڈ دیکھنے کے بعد کہا کہ آپ کے پاس جتنی بھی دستاویزات ہیں وہ سب جعلی ہیں اور آپ کے نام سے ہمارے یہاں کوئی فلیٹ رجسٹرڈ نہیں ہے۔
عرب سرمایہ کار نے بتایا کہ جب وہ ریئل سٹیٹ ایجنسی پہنچا جس کے یہاں یورپی شہری مینجر کے  طور پر کام کررہا تھا- وہاں یہ سن کر سکتے میں آگیا کہ وہ تو کئی لوگوں کو دھوکہ دے کر ان سے رقمیں اینٹھ کر فرار ہوگیا ہے۔ 
عرب سرمایہ کار کا کہنا تھا کہ دراصل ماضی میں یورپی شہری سے متعدد فلیٹ خریدتا رہا ہے اور کبھی کوئی مسئلہ درپیش نہیں آیا تھا اس لئے نئے سودے میں بھی اسے شک نہیں ہوا۔
دبئی کی فوجداری عدالت نے ریئل سٹیٹ کے یورپی مینجر کے خلاف اس کی عدم موجودگی میں مقدمے کی سماعت شروع کردی ہے۔ 

شیئر: