Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اودھے ٹھاکرے کو ’تُو‘ کہنے پر کنگنا کے خلاف شکایت درج

درخواست میں کہا گیا ہے کہ کنگنا نے نے وزیراعلیٰ کے وقار کو کم کرنے کی کوشش کی (فوٹو:انسٹاگرام)
بالی وڈ کی 'پنگا' گرل کنگنا رناوت اور مہاراشٹر حکومت کے درمیان لفظی جنگ کے ساتھ قانونی جنگ بھی شروع ہو گئی ہے۔
انڈیا کے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق مہاراشٹر کے وزیراعلٰی اودھے ٹھاکرے کے لیے ’بری‘ اور ’نامناسب‘ زبان استعمال کرنے پر کنگنا رناوت کے خلاف دو شکایات درج کر لی گئی ہیں۔
جمعرات کو پولیس حکام نے بتایا کہ کنگنا کے خلاف درج کی گئی ایک شکایت کے مطابق انہوں نے 9 ستمبر کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں ٹھاکرے کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے اور ایسا کرکے انہوں نے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ کے کردار اور ان کے وقار کو گھٹانے کی کوشش کی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 'کنگنا رناوت جو ممبئی ہائی کورٹ میں اپنے ممبئی آفس کی مسماری کے خلاف کیس لڑ رہی ہیں، نے بدھ کو جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں مسٹر ٹھاکرے کو 'تُو' کہہ کر مخاطب کیا۔'
33 سالہ اداکارہ نے اپنے آفس کو مسمار کیے جانے پر اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ مہاراشٹر حکومت ان کو شیوسینا کے ساتھ 'لڑائی' کی وجہ سے نشانہ بنا رہی ہے۔
کنگنا رناوت نے ایک وڈیو اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ’ اودھے ٹھاکرے کیا لگتا ہے فلم مافیا کے ساتھ مل کر میرا گھر توڑ کر مجھ سے بہت بڑا بدلہ لے لیا‘۔
'آج میرا گھر ٹوٹا ہے کل تیرا گھمنڈ ٹوٹے گا۔ یہ وقت کا پہیہ ہے۔ یاد رکھنا! وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا‘۔

بالی وڈ کی 'کوئین' کے خلاف دوسری شکایت ان کے اس سارے معاملے کا کشمیری پنڈتوں کے ساتھ موازنہ کرنے پر درج کی گئی ہے۔
بالی وڈ ادکارہ نے کہا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے تم نے مجھ پر بڑا احسان کیا ہے کیونکہ مجھے پتہ نہیں تھا کہ کشمیری پنڈتوں پر کیا بیتی ہوگی آج میں نے محسوس کیا ہے۔'
انہوں نے مزید کہا تھا کہ'آج اس دیس سے وعدہ کرتی ہوں کہ میں صرف ایودھیا پر نہیں کشمیر پر بھی ایک فلم بناؤں کی اور دیس والوں کو جگاؤں گی۔'

شیئر: