Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گھاگرا پہن کے سوئمنگ کروں؟‘

ویڈیو میں وسیم اکرم نے ان لوگوں پر طنز کیا جو انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر بلاوجہ تنقید کرتے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم نے سوشل میڈیا کے ٹرولز کو کم و بیش ویسا ہی جواب دیا ہے جیسا کبھی ان کا اوور ہوتا تھا۔
ان کے الفاظ کبھی باؤنسر بنے تو کبھی یارکر، سلو اور سوئنگ بھی، اس سے کون کلین بولڈ ہوا اور کس نے شاٹ ماری اس کا اندازہ کمنٹس سے ہوتا ہے۔
سنیچر کو وسیم اکرام نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر جو پینتالیس سیکنڈز پر مشتمل ہے۔ ان کا کہنا تھا’ہم سب کا مقصد صحت مند زندگی ہونا چاہیے، میں جلد ہی 55 سال کا ہو جاؤں گا اور صحت مند زندگی گزارنے کے لیے کوشاں رہتا ہوں، آپ کے لیے بھی میرا یہی پیغام ہے۔‘
اس ویڈیو میں انہوں نے ان لوگوں پر بھی طنز کیا جو لوگ انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر بلاوجہ تنقید کرتے ہیں۔
’بدتمیزی ہمیشہ بزدل لوگ کرتے ہیں، ایسے خیالات سے بیک گراؤنڈ کا اندازہ ہوتا ہے، مجھے ان لوگوں کے بزرگوں سے ہمدردی ہے۔‘
واضح رہے کہ وسیم اکرم کی سوئمنگ پول پر بغیر شرٹ کے تصویر پر کئی سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ مسلمانوں کا یہ طریقہ کار ہوتا ہے؟
جس پر انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’اگلی بار تھری پیس سوٹ پہن کر تیراکی کروں گا، یہ بھی پسند نہ ہو تو گھاگرا پہن لوں گا۔‘
سابق کرکٹ کپتان راشد لطیف نے صرف ایک لفظ لکھ کر وسیم اکرم کو داد بھی دی اور اتفاق کا اظہار بھی کیا۔
راشد لطیف نے لکھا ’کلاسک‘۔ 
حیران کن بات یہ رہی کہ جن ٹرولز کو راہ راست پرلانے کے لیے وسیم اکرم نے یہ ویڈیو پیغام جاری کیا انہوں نے وہی طریقہ پھر بھی جاری رکھا۔اور نامناسب کمنٹس کرتے رہے۔

جمشید حسین نامی صارف کی جانب سے الزامات پر مبنی تبصرہ کیے جانے پر احمد نذیر نے انہیں جواب دیتے ہوئے لکھا ’تم ناکام لوگ نفسیاتی مریض ہو، کبھی کسی کے بارے میں اچھی رائے نہیں رکھ سکتے، وہ ایک لیجنڈ ہیں، ہال آف فیم میں ان کا نام شامل ہے، اب تم بتاؤ تم نے اس ملک کے لیے کون سے کارنامے انجام دیے؟۔
سپورٹس جرنلسٹ عبدالغفار نے لکھا ’ہماری قوم کو ایسے ہی اسباق کی ضرورت ہے۔ ان کو اسی طرح تعلیم دیتے رہیں وسیم بھائی۔‘ 

ملک جواد امتیاز نے وسیم اکرم کی ایسی تصویر شیئر کی جس پر عثمان بزدار کا سر لگایا گیا تھا اور لکھا ’بھائی ہم تو آپ کے دیوانے ہیں لیکن جب سے یہ وسیم اکرم پلس آیا ہے آپ کی لوگوں کے دلوں میں اہمیت کم ہو گئی ہے۔ یہ صرف مذاق تھا، آپ عظیم ہو‘۔  
زرغم افتخار نے وسیم اکرم کی طنز میں کہی جانے والی گھاگرے کی بات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ’چلو ٹھیک ہے بھائی اگلی بار جب ہم ساحل پر جائیں گے تو اپنا گھاگرا لے کر آنا۔‘ 
منیر احمد طارق نے خیالات کا اظہار ایک شعر کی صورت میں کیا:
کہہ رہا ہے شور دریا سے سمندر کا سکوت
جس کا جتنا ظرف ہے اتنا ہی وہ خاموش ہے 

صہیب احمد نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وسیم اکرم کو مشورہ دیا کہ ٹرولز کو اس کے ذریعے جواب دیں۔
اس ویڈیو میں رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کسی بات پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ اگلے منظر میں امیتابھ بچن نمودار ہوتے ہیں اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر زور دیتے ہیں۔
رضوان نامی صارف نے وسیم اکرم کو مشورہ دیتے ہوئے  لکھا ’آپ ہمارے آئیڈٰیل ہیں، آپ کو دیکھ کر کرکٹ سے محبت ہوئی، چند لوگوں کی وجہ سے سب کو ایسا مت سمجھیے گا، وی لو یو۔‘ 

حسنین رشید نے بھی سابق فاسٹ بولر کو مشورہ دے ڈالا اور لکھا کہ ’وسیم بھائی آپ کو پہلی بار دیکھا ہے ایسے لوگوں کو جواب دیتے ہوئے، آپ ہمیشہ اگنور کرتے رہے ہیں، اب بھی کریں، یہ باز نہیں آئیں گے، منفی ذہنیت کے لوگوں سے مثبت امید نہیں رکھی جا سکتی۔‘

شیئر: