مشرق وسطیٰ کی صورتحال، پاکستان سے خلیجی ملکوں کی پروازیں بدستور متاثر
مشرق وسطیٰ کی صورتحال، پاکستان سے خلیجی ملکوں کی پروازیں بدستور متاثر
ہفتہ 7 مارچ 2026 14:35
زین علی -اردو نیوز، کراچی
کراچی سے دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور بحرین جانے والی 25 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
مشرق وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال اور خطے میں سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان سے خلیجی ریاستوں کو جانے والی فضائی پروازوں کا نظام بدستور متاثر ہے۔
سنیچر کو بھی ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے خلیجی ممالک کے لیے مجموعی طور پر 90 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ 50 سے زائد پروازوں کے آپریٹ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس صورتحال نے نہ صرف بیرون ملک ملازمت کرنے والے پاکستانیوں بلکہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے زائرین اور امریکا و یورپ جانے والے مسافروں کو بھی شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد شامل ہیں جہاں سے روزانہ خلیجی ممالک کے لیے درجنوں پروازیں روانہ ہوتی ہیں۔ کشیدگی کے باعث متعدد ایئرلائنز نے اپنی پروازیں عارضی طور پر روک دی ہیں جبکہ کچھ ایئرلائنز نے جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال رکھنے کی کوشش کی ہے۔
کراچی سے درجنوں پروازیں منسوخ
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور بحرین جانے والی 25 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ تاہم ایئرپورٹ حکام کے مطابق 13 پروازوں کے روانہ ہونے کا امکان ہے۔ مسافروں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود رہی اور کئی افراد کو اپنی پروازوں کے بارے میں تازہ معلومات حاصل کرنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا۔
لاہور ایئرپورٹ پر بھی پروازیں متاثر
لاہور سے ابوظبی، دبئی، دوحہ اور شارجہ کے لیے روانہ ہونے والی 22 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ 7 پروازوں کے ممکنہ طور پر آپریٹ ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق زیادہ تر متاثرہ مسافر وہ ہیں جو خلیجی ممالک میں ملازمت کرتے ہیں یا ٹرانزٹ کے ذریعے یورپ اور امریکا جانا چاہتے تھے۔
اسلام آباد سے 26 پروازیں منسوخ
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی، ابوظبی، دوحہ اور شارجہ کے لیے 26 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 16 پروازیں آپریشنل رہنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال ہر چند گھنٹوں بعد تبدیل ہو رہی ہے اور ایئرلائنز مسلسل اپنے شیڈول کا ازسرنو جائزہ لے رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو فضائی آپریشن پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
دیگر شہروں کی صورتحال
اسی طرح پشاور سے شارجہ، ابوظبی، دبئی اور دیگر شہروں کے لیے 10 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 6 پروازوں کے روانہ ہونے کا امکان ہے۔
سیالکوٹ سے دوحہ، دبئی اور شارجہ کی 5 پروازیں منسوخ جبکہ 4 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔
ملتان سے شارجہ، دبئی، ابوظبی اور دمام کے لیے 6 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ فیصل آباد سے دبئی اور شارجہ کی 3 پروازیں منسوخ کردی گئیں اور 4 پروازیں محدود پیمانے پر چلائی جا رہی ہیں۔
آٹھ روز میں 1200 سے زائد پروازیں منسوخ
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گزشتہ 8 روز کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی تعداد 1200 سے زائد ہے۔ عالمی سطح پر بھی صورتحال تشویشناک ہے کیونکہ مشرقِ وسطیٰ کے خطے میں ایک ہفتے کے دوران تقریباً 27 ہزار 600 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو فضائی آپریشن پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔
چند بڑی ایئرلائنز کے آپریشنز کی جزوی بحالی
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق صورتحال کے باوجود چند بڑی خلیجی ایئرلائنز نے جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال رکھنے کی کوشش کی ہے۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ آنے سے قبل پرواز کی تصدیق ضرور کریں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اتحاد ایئرویز، امارات، ایئر عربیہ سمیت بعض دیگر ایئرلائنز محدود تعداد میں پروازیں آپریٹ کر رہی ہیں تاکہ ہنگامی ضرورت کے تحت سفر کرنے والے مسافروں کو سہولت فراہم کی جاسکے۔ تاہم ان پروازوں کی تعداد معمول سے کہیں کم ہے۔
مسافروں کے لیے ہدایات
ایوی ایشن حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تصدیق ضرور کریں کیونکہ سکیورٹی صورتحال کے باعث شیڈول میں اچانک تبدیلی ہو سکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی خطے میں حالات معمول پر آئیں گے، پروازوں کا مکمل شیڈول بحال کر دیا جائے گا۔