Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجسمہ سازی کو نیا رنگ دینے والا سعودی فنکار

جدید دور میں مجسموں کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیا اور طریقہ کار تبدیل ہوا ہے- فوٹو: العربیہ
سعودی فن کار حسین السقاف نے مجسمہ سازی کے فن کو نیا روپ دیا ہے۔ انہوں نے ’ثوب‘، ’الشماغ‘ اور ’البشت‘ سمیت قومی پوشاک سے آراستہ مجسموں کو منفرد بنایا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق حسین السقاف نے سرامک، پلاسٹک یا پیتل استعمال کرکے منفرد مجسمے بنائے ہیں۔ 
السقاف کا کہنا ہے کہ  مجسمہ سازی کا فن بڑا خوبصورت اور دلآویز ہے۔ مملکت میں اسے اجاگر کرنے میں ابھی وقت لگے گا۔  یہ بھی مملکت میں دیگر فنون کی طرح جلد اپنی جگہ بنا لے گا۔  

السقاف کام شروع کرنے سے قبل معمولی باتوں کو نوٹ کرتے ہیں- فوٹو: العربیہ

سعودی فنکار کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں خداداد صلاحیت کے مالک ہنر مند نوجوان ہیں۔ سنگ تراشی، ڈیزائن، تجریدی آرٹ اور اسکیچز کے ہنر میں دسترس رکھتے ہیں۔ انہیں موقع ملا تو یہ اپنے خوبصورت کام سے خود کو منوا لیں گے۔  
السقاف نے کہا کہ  اس کام کے  لیے سب سے پہلے ولی عہد محمد بن سلمان کی شخصیت کا انتخاب کیا اور انہیں ان کی حقیقی شکل و صورت کے ساتھ شاہی لباس میں سنگ تراشی کے فن کے شائقین کے سامنے پیش کیا۔ 
ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی کام شروع کرنے سے قبل اس انسان کی چھوٹی چھوٹی اور دقیق ترین باتیں نوٹ کرتا ہوں۔
’ اپنی تخلیق مکمل کرکے اسے سوشل میڈیا کے اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کرتا ہوں۔ صارفین نے مجھے اس حوالے سے جو پذیرائی دی وہ میری توقع سے بڑھ کر تھی‘۔

 اب مشہور گلوکاروں کے مجسمے تیار کرنے کا ارادہ ہے- فوٹو: العربیہ

 مستقبل میں سنگ تراشی کے موضوعات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سعودی عرب کے مشہور گلوکاروں مثلا طلال مدح، محمد عبدو اور ابوبکر سالم کے مجسمے تیارکرنے کا ارادہ ہے۔ یہ لوگ سعودی موسیقی کی دنیا میں انمول سرمایہ مانے جاتے ہیں جو حیثیت مصر میں ام کلثوم کو حاصل ہے وہی مقام انہیں مملکت میں حاصل ہے۔ سیاح اس قسم کی شخصیتوں کے مجسمے یادگاری تحفے کے طور پر اپنے ہمراہ لے جانا پسند کرتے ہیں۔ 

سنگ تراشی کا فن 4500 قبل مسیح سے معروف ہے- فوٹو: العربیہ

سنگ تراشی کا فن بصری فنون میں سے ایک ہے۔ یہ تجریدی آرٹ کی بھی ایک صنف ہے۔ سنگ تراشی کا فن  4500 قبل مسیح سے معروف ہے- 
جدید دور میں سنگ تراشی کے فن نے نئی جہتیں اختیار کی ہیں۔ اس حوالے سے مجسموں کی تشکیل اور تیاری میں استعمال ہونے والی اشیا اور طریقہ کار تبدیل ہوا ہے۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: