Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرے کے لیے 16 ہزار افراد کا اندراج، دس دن کی بکنگ مکمل

 4 اکتوبر سے ہر روز چھ  ہزار افراد عمرہ کریں گے۔( فوٹو ٹوئٹر)  
 سعودی عرب میں مکہ مکرمہ گورنریٹ نے کہا ہے کہ ’اعتمرنا ایپ‘  کے ذریعے 16 ہزار افراد نے عمرے کے لیے اندراج کرایا ہے ۔ 10 روز کی بکنگ مکمل ہوگئی ہے۔
عمرے کا پہلا مرحلہ 4 اکتوبر 2020 سے  شروع ہو رہا ہے۔ ہر روز چھ  ہزار افراد عمرہ کریں گے۔  
مکہ ریجن گورنریٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں عمرہ زائرین کو اطمینان دلایا ہے کہ ہر دن مسجد الحرام کو دس بار سینیٹائز کیا جائے گا۔ ہر عمرہ گروپ کی آمد اور واپسی پر سینیٹائزنگ ہوگی۔ عمرے کے لیے آنے والوں میں آب زمزم کی بوتلیں تقسیم کی جائیں گی۔  
وزارت حج و عمرہ  کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ اور حجر اسود کو چھونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خانہ کعبہ کے اطراف قائم رکاوٹ کے  باہر سے ہی طواف کیا جائے گا۔ 
عمرہ کے دوران سپیشلسٹ میڈیکل ٹیمیں موجود ہوں گی۔ کسی بھی معتمر میں کورونا وائرس کی علامتیں ظاہر ہونے کی صورت میں اسے دیگر زائرین سے الگ تھلگ کرنے کا انتظام بھی کرلیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے سپیشل روم بنائے گئے ہیں۔  
دونوں مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے ایگزیکٹیو فیلڈ ٹیم  قائم کی ہے ۔ یہ انتظامیہ کے تمام اداروں کی نمائندہ ہے۔  
اخبار 24 کے مطابق وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد بنتن  نے بھی تصدیق کردی ہے کہ شروع کے دس روز کی بکنگ مکمل ہوچکی ہے۔ 16 ہزار افراد کو ابتدائی دس روز میں عمرہ ادا کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

شیئر: