Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایس او پیز کی خلاف ورزی،12 ریستوران سیل

کراچی میں کیسز میں اضافے کے بعد محکمہ صحت سندھ نے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 12 ریستوران سیل کر دیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں نو اور کلفٹن دعا چورنگی میں تین ریستوران تین دن کے لیے سیل کیے گئے ہیں۔
بدھ کو کمشنر کراچی سہیل راجپوت کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز ضلعی ہیلتھ افسران اور متعلقہ محکموں کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے ہدایت کی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کم از کم تین روز کے لیے ریسٹورنٹس اور میرج ہالز بند کیے جائیں۔ 
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  پارکس میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور سکولوں میں کورونا ٹیسٹنگ میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ خلاف ورزی پر سکول بند کر دیے جائیں گے۔
سندھ حکومت نے کراچی میں کورونا کیس بڑھنے پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کی ہدایت کردی ہے۔
بدھ کو ہونے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔  گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والے 747نئے کیسز میں سے 365 صرف کراچی کے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن، کنٹکٹ ٹریسنگ اور دیگر ہیلتھ پروٹوکولز پر عمل درآمد بہت ضروری ہے۔
سندھ کے سیکٹری صحت نے اجلاس کو بتایا کہ انتظامیہ صوتحال کو مانیٹر کر رہی ہے اور وبا کے پھیلاؤ کے پیٹرن کو سامنے رکھتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کے مشورے سے مناسب انتطامی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
دوسری جانب نیشل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز کے ساتھ پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 12 ہزار 263 ہوگئی ہے۔
اب تک اس وبا سے چھ ہزار 479  افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد آٹھ ہزار 903 ہے۔
گذشتہ 24  گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 31  ٹیسٹس کیے گئے۔ ملک میں کورونا میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد دو لاکھ  96 ہزار 861 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ سینٹر کے مطابق اس وقت پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور بلوچستان میں کورونا کا کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں۔
اس وقت ملک میں کورونا کے مریضوں کے لیے مختص 1912 وینٹی لیڑز میں سے صرف 93 پر مریض موجود ہیں۔
سندھ میں سب سے زیادہ افراد کورونا سے ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اب تک صوبے میں اس وبا سے دو ہزار 497افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس وقت ملک میں کورونا کے مریضوں کے لیے مختص 1912 ونٹی لیڑز میں سے صرف 93 پر مریض موجود ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پنجاب میں اب تک دو ہزار 234 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ کے پی میں  ایک ہزار259، اسلام آباد میں 182، بلوچستان میں 145، گلگت بلتستان میں 88 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اب تک 72  افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
قبل ازیں کراچی شہر میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد محکمہ صحت سندھ نے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے لیے انتظامیہ کو خط لکھ دیا تھا۔
خط ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی سمیت ضلعی ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو لکھا گیا ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اگلے مراحل کے لیے محکمہ صحت سے مشاورت کے بعد متاثرہ علاقوں نشاندہی کی جائے۔
 ڈی ایچ او اپنے علاقے میں کورونا کیسز کے تحت مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کرے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے اور اس حوالے سے متعلقہ دسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی مشاورت سے پولیس متاثرہ علاقوں میں تعینات کی جائے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: