Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد میں اضافہ

سندھ میں اب تک کورونا سے دو ہزار 495 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں گزشتہ 24  گھنٹوں کے دوران کورونا کے 672 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس وبا سے مزید آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔
نیشل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز کے ساتھ پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 11 ہزار 516 ہوگئی ہے۔
اب تک اس وبا سے چھ ہزار 474 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد آٹھ ہزار 702 ہے۔ حالیہ دنوں میں پاکستان میں ایکٹیو کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
 
کچھ عرصہ قبل تک ملک میں ایکٹیو کیسز چھ ہزار تک آئے تھے لیکن اب یہ تعداد آٹھ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
گزشتہ 24  گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 665 ٹیسٹس کیے گئے۔ ملک میں کورونا میں مبتلا ہوکر صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد دو لاکھ  96 ہزار 340 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ سینٹر کے مطابق اس وقت پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور بلوچستان میں کورونا کا کوئی مریض ونٹی لیٹر پر نہیں۔
اس وقت ملک میں کورونا کے مریضوں کے لیے مختص 1912 ونٹی لیڑز میں سے صرف 85 پر مریض موجود ہیں۔
سندھ میں سب سے زیادہ افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ اب تک صوبے میں اس وبا سے دو ہزار 495 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پنجاب میں اب تک دو ہزار 234 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ کے پی میں  ایک ہزار259، اسلام آباد میں 181، بلوچستان میں 145، گلگت بلتستان میں 88 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اب تک 72  افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: