Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا الیکشن نتائج تسلیم کریں گے؟ ٹرمپ جواب گول کر گئے

جوبائیڈن نے کہا کہ وہ الیکشن کے نتائج کو تسلیم کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حریف اور سابق نائب صدر جو بائیڈن کے درمیان نومبر میں ہونے والے انتخابات سے قبل پہلے صدراتی مباحثے کے دوران تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس میں انہوں نے ایک دوسرے کی ساکھ اور صلاحیتوں پر سوالات اٹھائے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ شاید تین نومبر کو ہونے والے انتخابات کے نتائج کئی مہینوں تک سامنے نہ آئیں۔
انہوں نے کہا کہ ’شاید ہمیں اس کا کئی ماہ تک پتا نہ چلے۔ اس کا اختتام اچھا نہیں ہونے جا رہا۔‘
’میں اپنے ووٹرز سے اپیل کرتا ہوں کہ الیکشن کے لیے جائیں اور بہت محتاط رہیں۔‘
جبکہ جوبائیڈن نے کہا کہ وہ الیکشن کے نتائج کو تسلیم کریں گے۔ تاہم صدر ٹرمپ نے الیکشن نتائج تسلیم کرنے کے حوالے سے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔
 مباحثے میں دونوں امیدواروں نے سپریم کورٹ میں نئے جج کی تعیناتی، کورونا وائرس اور امریکی نظام صحت پر بات کی۔
جو بائیڈن نے صدر ٹرمپ کو کہا کہ ’اب تک انہوں نے جو کہا وہ جھوٹ ہے۔ میں یہاں ان کے جھوٹ سننے نہیں آیا۔ سب جانتے ہیں کہ یہ (ٹرمپ) جھوٹے ہیں۔‘
جو بائیڈن کی دھوں دار تقریر کے دوران صدر ٹرمپ انہیں ٹوکتے اور باتیں کرتے رہے کہ ان کا انرجی لیول کم ہے جس پر بائیڈن نے ٹرمپ سے کہا کہ ’کیا آپ ۔۔۔۔ بند کر سکتے ہیں؟‘
ایک موقع پر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ’اس مسخرے کے سامنے بات کرنا مشکل ہے۔‘

صدر ٹرمپ نے الیکشن نتائج تسلیم کرنے کے حوالے سے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے ٹرمپ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’شاید آپ اپنے بازو پر بلیچ کا انجکشن لگائیں وہ آپ کو بہتر کر دے گا۔‘

صدر ٹرمپ کا جوابی حملہ

امریکی صدر بھی پیچھے نہ رہے اور انہوں نے ان کے باراک اوبامہ  کے ساتھ بطور نائب صدر تعیناتی کے دوران ٹریک ریکارڈ پر سوال اٹھانے کے ساتھ تعلیمی کیریئر پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے سامنے سمارٹ کا لفظ استعمال نہ کریں۔ آپ سمارٹ نہیں ہیں۔‘
ایک موقع پر انہوں نے کہا کہ ’بائیں بازو کے بنیاد پرست بائیڈن کو اپنی انگلیوں پر نچا رہے ہیں۔‘
انہوں نے ماسک پہننے پر بھی جو بائیڈن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو سمجھنا چاہیے کہ میرے پاس یہاں کورونا سے بچنے کے لیے ایک ماسک ہے اور جب ضرورت ہوتی ہے میں اسے پہنتا ہوں۔ میں اسے ان کی طرح ہر وقت نہیں پہنے رکھتا۔‘

مباحثے کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ بائیں بازو کے بنیاد پرست بائیڈن کو اپنی انگلیوں پر نچا رہے ہیں۔ (فوٹو: اے پی)

جو بائیڈن نے مباحثے سے قبل اپنی انکم ٹیکس ریٹرنز ظاہر کیں اور صدر ٹرمپ سے بھی ایسا کرنے کو کہا جس انہوں نے کہا وہ اس مد میں ’لاکھوں ڈالر‘ ادا کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے گذشتہ روز ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ امریکی صدر نے صرف 750 ڈالرز ٹیکس ادا کیا تھا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں