Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپوزیشن کو تحریک ملتوی کرنے کا مشورہ

اپوزیشن حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں جلسوں کا اعلان کر چکی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت کے وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے اپوزیشن سے تحریک آئندہ برس تک کے لیے ملتوی کرنے کا کہا تو معاملے نے سوشل میڈیا پر سیاسی بحث کی شکل اختیار کر لی۔
وفاقی وزیر کی ٹویٹ کے جواب میں کسی نے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے ایک تقریب سے خطاب کا ذکر کیا اور وہاں کورونا کا خطرہ نہ ہونے کا پوچھا، تو کوئی حکمراں جماعت کی سیاسی سرگرمیوں کا حوالہ دے کر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کے سامنے سوال کھڑا کرتا رہا۔
اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے فواد چوہدری کے بیان کو ’حکومت کی بوکھلاہٹ‘ قرار دیا اور کہا کہ حکومت جلسے منسوخ کروانے کے لیے کورونا کا سہارا لینے کی کوشش کر رہی ہے۔
تحریک انصاف کے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں رواں ہفتے ہونے والے جلسے کا ذکر کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے پوچھا کہ ’کیا کورونا صرف اپوزیشن کے جلسوں سے پھیل سکتا ہے پی ٹی آئی کے جلسوں سے نہیں؟‘۔
فواد چوہدری کا نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر شادیوں اور دوسری تقریبات کو محدود کرنے کا کہا ہے، میں سمجھتا ہوں سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے اور تین ماہ کے لیے جلسے جلوس ملتوی کر دیں، اپوزیشن بھی تحریک اگلے سال تک ملتوی کر دے‘۔

سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے وفاقی وزیر کی تجویز کو آڑے ہاتھوں لیا تو کچھ ایسے ٹویپس میں سامنے آئے جو ان سے متفق دکھائی دیے۔
سفینہ نامی صارف نے حکومتی صفوں میں ڈر محسوس کیا تو اس معاملے کو جھوٹ کا سہارا لے کر ’اپوزیشن کو روکنے کی ناکام کوشش‘ قرار دے ڈالا۔
 

ندیم چوہدری بھی وفاقی وزیر سے متفق دکھائی نہ دیے تو انہوں نے طنزیہ تبصرے میں لکھا ’واقعی جی زندگی کا احترام صرف اپوزیشن پر ہی فرض ہے‘۔
 

مینا عزیز نامی صارف فواد چوہدری کی تجویز سے متفق ہوئیں اور اسے سراہا، ساتھ اہی ایک تبدیلی کی تجویز بھی دے ڈالی۔
 

سیاسی حمایت و مخالفت سے قطع نظر کچھ ایسے صارف بھی گفتگو کا حصہ بنے جو موجودہ وبائی صورتحال اور اس سے متعلق حکومتی اقدامات کے نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے رہے۔
 

شکیل رحمن نے موجودہ وبائی صورتحال میں معاشرتی معمولات کا ذکر کیا تو پوچھا کہ جب سب کچھ کھلا ہوا ہے تو پھر صرف سیاسی جلسے ہی محدود کیوں؟
 

یاد رہے کہ پاکستان میں اپوزیشن کی بیشتر جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) نے حکومت کے خلاف احتجاج کے طور پر ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس سلسلے کا پہلا جلسہ آئندہ ہفتے گوجرانوالہ میں منعقد ہونا ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: