Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاتون کی 5 بچوں سمیت دریا میں چھلانگ

مقامی تھانے کے مطابق خاتون کے خلاف ان کی ساس نے مقدمے کے اندراج کی درخواست دی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں پولیس حکام کے مطابق ضلع کوٹلی کی رہائشی خاتون نے ساس سے جھگڑے کے بعد پانچ بچوں سمیت دریائے پونچھ میں چھلانگ لگا دی۔ 
مقامی افراد نے ریسکیو کوششیں کرتے ہوئے خاتون اور تین بچوں کو بچا لیا تاہم دو بچے ڈوب گئے۔
پولیس سٹیشن سٹی کوٹلی کے اے ایس آئی شبیر احمد نے اردو نیوز کو فون پر بتایا کہ دریا میں چھلانگ لگانے والی خاتون رضوانہ بیگم کی عمر 36 سال ہے جبکہ ان کا شوہر ملازمت کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہے۔
اے ایس آئی شبیر احمد نے بتایا کہ واقعہ کا مقدمہ رضوانہ بیگم کی ساس شاہ بیگم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
شاہ بیگم نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بہو رضوانہ کی جمعے کی رات ان سے معمولی تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد سنیچر کی صبح یہ واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق خاتون صبح چھ بجے اپنے پانچ بچوں کو ساتھ لے کر دریا پر گئی۔ بچوں کی عمریں تین ماہ سے پانچ سال کے درمیان ہیں۔
اے ایس آئی شبیر احمد نے بتایا کہ کوٹلی سے تتہ پانی جانے والی سڑک پر مکڑالی گاؤں کے رہائشیوں نے دریا میں چھلانگ لگانے والی خاتون کو ریسکیو کیا۔ ان کے مطابق دریا سے ڈیڑھ سالہ بچی منیبہ کی لاش نکال لی گئی جبکہ ڈوبنے والے چار سالہ باسط کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش جاری ہے اور خاتون اس وقت ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ ڈیڑھ سالہ منیبہ کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔

شیئر: