Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی معیشت مضبوط اور مالی پوزیشن مستحکم‘

مملکت کی مالی پوزیشن مضبوط ہے اور وہ چیلنجوں سے نمٹنے اور شرح نمو جاری رکھنے پر قادر ہے: وزیر خزانہ
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ مودیز کی درجہ بندی سے ظاہر ہوگیا ہے کہ سعودی معیشت مضبوط ہے اور اس کی مالی پوزیشن مستحکم ہے۔ 
سبق اور المرصد ویب کے مطابق کریڈٹ ایجنسی مودیز نے سعودی عرب کے اندرون ملک جاری کردہ سکوک بانڈز پروگرام کو بہتر زمرے میں شمار کیا ہے۔ 
مودیز نے اس سے قبل  29 ستمبر 2020 کو رپورٹ میں کہا تھا کہ سعودی حکومت گزشتہ تین برسوں کے دوران اندرونی بانڈز مارکیٹ کو زیرو پوائنٹ سے ڈیولپ کرکے اعلی درجے تک لے جانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔  
موڈیز نے یہ بھی کہا تھا کہ سعودی حکومت عمدہ طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ بانڈز کی ملکی اور بین الاقوامی طلب سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔
وزیر خزانہ اور قائم مقام وزیر منصوبہ بندی محمد الجدعان نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ موڈیز کی نئی زمرہ بندی نے ثابت کر دیا ہے کہ سعودی معیشت مضبوط ہے۔ مالیاتی پوزیشن مسحکم ہے اور سعودی معیشت بین الاقوامی اقتصادی چیلنجوں کا مقابلہ کرسکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ موڈیز کی رپورٹ اقتصادی شرح نمو بہتر بنانے، تنوع پیدا کرنے اور جامع سماجی و اقتصادی فروغ کے لیے کوشاں مالیاتی و اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات کے موثر ہونے کا بھی ثبوت ہے۔ 
وزیر خزانہ نے کہا کہ مودیز جیسی ایجنسیوں کی طرف سے سعودی معیشت پر زبردست اعتماد کا اظہار اس بات کا بھی پتہ دیتا ہے کہ یہ ایجنسیاں مثبت انداز میں اندازے لگا رہی ہیں اور مملکت کی مالی پوزیشن مضبوط ہے اور وہ چیلنجوں سے نمٹنے اور شرح نمو جاری رکھنے پر قادر ہے۔

شیئر: